پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے ہم حکومت کو جمہوری، معاشی اورآئینی حقوق پامال نہیں کرنے دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روزنوابشاہ میں جلسہ میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بدترین گرمی کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں آنے پرمیں عوام کا شکرگزارہوں، میرا اگلا جلسہ اب پنجاب کے علاقے پوٹھوہار میں ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے، ہم حکومت کوجمہوری ومعاشی وآئینی حقوق پامال نہیں کرنے دیں گے۔
گزشتہ روزنواب شاہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہاں ایک نہیں دوپاکستان ہیں ایک عوام کا اور دوسراعمران خان کا ہے، غریب کے لیے ٹیکس اورچوروں کے لیے ایمنسٹی اسکیم ظلم ہے، آصف زرداری کے دوستوں کے اکاؤنٹس حرام اورعمران خان کے دوستوں کے بے نامی اکاؤنٹس حلال ہیں۔
بلاول نے کہا کہ عمران خان کی آف شورکمپنی حلال اور نواز شریف کی حرام ہے۔ نیب نے زمینداری کو بھی کرپشن قرار دے دیا لیکن جب عمران خان کہتے ہیں کہ کرکٹ کے کھلونے بیچ کر لندن میں کمپنی خریدی تو کوئی سوال نہیں کرتا، ب عمران خان اتنا ہی ظلم کریں جتنا برداشت کرسکتے ہیں اگرمیں حکومت میں آگیا تو اپنے ایک ایک آنسو کا حساب لوں گا