ممبئی: معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما اپنے طنزو مزاح کے لیے تو مشہور ہیں ہی، لیکن 2016 میں وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کی وجہ سے بھی خبروں کی زینت بنے تھے، جب ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے دفتر کے لیے رشوت طلب کیے جانے پر انہوں نے ٹوئٹر پر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اگرچہ اس تنقید کے بعد سے انہیں کئی مقدمات میں دھر لیا گیا، لیکن بعدازاں وہ گاہے بگاہے مودی جی کی تعریف کرتے بھی نظر آئے۔
حال ہی میں نیشنل میوزیم آف انڈین سینما (این ایم آئی سی) کے افتتاح کے موقع پر دیگر بالی وڈ سلیبرٹیز کے ساتھ ساتھ کپل نے بھی نریندر مودی سے ملاقات کی اور اس کے فوری بعد ٹوئٹر پر اپنے وزیراعظم کی تعریف میں قصیدے پڑھ ڈالے۔
کپل نے لکھا، ‘عزت مآب وزیراعظم صاحب، آپ سے مل کر اچھا لگا اور ہماری فلم انڈسٹری اور قوم کے لیے آپ کے متاثر کن خیالات جان کر بہت بہترین محسوس ہوا۔’
آخر میں معروف کامیڈین نے لکھا، ‘اور میں یہ ضرور کہوں گا کہ آپ کی حسِ مزاح شاندار ہے۔’
جس کے جواب میں نریندر مودی نے بھی ٹوئیٹ کی اور لکھا، ‘جب کپل شرما کسی کی حسِ مزاح کی تعریف کریں تو یہ اُس شخص کے لیے خوشی کا مقام ہوتا ہے، میری کیفیت بھی اس سے کچھ مختلف نہیں۔’
ساتھ ہی وزیراعظم مودی نے تعریف پر کپل شرما کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ نیشنل میوزیم آف انڈین سینما کی افتتاحی تقریب میں آشا بھوسلے، عامر خان، اے آر رحمٰن اور پرینیتی چوپڑہ بھی موجود تھیں۔