واشنگٹن: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ کُرد ہمارے بھائی ہیں تاہم عام طور پر اس نام سے پکارا جانے والا گروپ اصل میں علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم ہے۔
امریکا کے دورہ کے دوران ترکی کے صدررجب طیب اردوان نے کہا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ سمیت بعض حکام کی طرف سے “کُرد” کے نام سے پکارا جانے والا گروپ اصل میں علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم ہے، ترکی اصل کردوں کواپنے بھائیوں کی طرح دیکھتا ہے اور یہی نہیں بلکہ ترکی سب سے زیادہ کرد آبادی رکھنے والا ملک ہے تاہم جسے سب کُرد کہتے ہیں وہ اصل میں عام شہری نہیں بلکہ ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔
ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ شام کی سرحد پر متوقع سیف زون میں 2 سال کے دوران 10 لاکھ مہاجرین کو رکھنے کا منصوبہ تیار ہے۔
دوسری جانب اردوان کی وائٹ ہاوس میں امریکی صدرٹرمپ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ٹرمپ نے صدراردوان کودوست مخاطب کرتے ہوئے شامی سرحد کے آپریشن پران کا شکریہ ادا کیا۔ ٹرمپ نے مزید بتایا کہ ملاقات میں ایس 400 دفاعی نظام اورایف 35 طیاروں کے معاملے پربھی بات ہوئی۔