پاکستان کے خلاف سیریز میں مایوس کن کارکردگی کے سبب مایہ ناز آسٹریلین بلے باز اسٹیو اسمتھ عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اسٹیو اسمتھ ایک بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور اس کے نتیجے میں اپنی عالمی نمبر ایک رینکنگ سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
بنگلہ دیش کے خلاف کولکتہ میں کھیلے گئے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے والے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔
نئی ٹیسٹ رینکنگ میں سب سے حیران کن ترقی آسٹریلین بلے باز مارنس لبوشین نے کی ہے جن کی رواں سال کے آغاز پر ٹیسٹ رینکنگ میں درجہ بندی 110 تھی لیکن پورا سال شاندار کارکردگی کی بدولت وہ حیران کن طور پر 102درجہ ترقی کر کے سال کے اختتام سے قبل ہی 8ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
لبوشین نے ایشز سیریز کے 4 میچوں کی 7 اننگز میں 353 رنز اسکور کیے اور پھر پاکستان کے خلاف سیریز میں 347 رنز بنا کر عالمی درجہ بندی میں 8ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ایشز سیریز میں صرف 95 رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر اپنی خراب کارکردگی کے سبب شدید دباؤ کا شکار تھے لیکن پاکستان کے خلاف سیریز میں انہوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایک ٹرپل سنچری سمیت 489 رنز اسکور کیےاور وہ 12درجے ترقی کر کے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے بلے بازوں میں سے کوئی بھی ٹاپ 10 بلے بازوں میں جگہ نہ بنا سکا البتہ بابر اعظم دو درجہ ترقی کے ساتھ 13ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ ڈبل سنچری کے بعد دوبارہ ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
باؤلرز کی درجہ بندی میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز اور جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں تاہم ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر ایک درجہ ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور نیل ویگنر ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے جوش ہیزل وُڈ پاکستان کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت ایک درجہ ترقی کے بعد 8ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ محمد شامی بھی ایک درجہ بہتری کے ساتھ ٹاپ10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
بلے بازوں کی طرح ابتدائی 10 باؤلرز کی فہرست میں بھی کوئی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا اور محمد عباس 18ویں نمبر کے ساتھ سب سے بہترین رینکنگ کے حامل باؤلر ہیں۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں کی ابتدائی پانچ رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور جیسن ہولڈر عالمی نمبر ایک پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ رویندرا جدیجا، بین اسٹوکس، ورنن فلینڈر اور روی چندرن ایشون دوسری سے پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔