کولمبو: سری لنکن فورسز کی جانب سے مشرقی علاقے میں کارروائی کے دوران 3 خودکش بمباروں سمیت 15 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق سری لنکن فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کی رات فورسز نے مشرقی علاقے میں کارروائی کی جہاں فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد علاقے سے 6 بچوں سمیت 15 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں تین مشتبہ خودکش بمباروں سمیت 15 افراد مارے گئے۔
سری لنکن فوجی ترجمان کے مطابق فورسز نے مشرقی علاقے میں واقع ایک گھر کی طرف پیش قدمی کی تو اس دوران تین دھماکے ہوئے جس کے بعد فورسز نے گھر پر چھاپہ مارا جہاں بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد چھپایا گیا تھا۔
فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک شدت پسند مشتبہ طور پر نیشنل توحید جماعت (این ٹی جے) کے ممبران تھے، اس تنظیم کو ایسٹر دھماکوں کا ذمہ دار ٹھہرایا جارہا ہے۔
دوسری جانب خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سری لنکن فورسز کے آپریشن کے دوران تین خودکش حملہ آوروں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑالیا، فورسز کی کارروائی اور دھماکے کے نتیجے میں مرنے والوں میں 6 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں دھماکوں کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔