کولمبو:
سری لنکن بیٹسمین کوشل مینڈس 64 سالہ شخص کو کچل کر ہلاک کرنے کے باوجود ضمانت پر رہا ہوگئے، انھیں پاناڈورا کے مجسٹریٹ چندانا کلانسوریا نے 10، 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکوں کے عوض ضمانت دی، ان کا ڈرائیونگ لائسنس عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
وکلا کی جانب سے ہلاک ہونے والے شخص کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ موقع پر ہی 2 لاکھ روپے جمع بھی کرا دیے گئے۔ دوسری جانب ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں انکشاف کیا گیاکہ کوشل مینڈس کو ڈرائیونگ کے دوران نیند آگئی تھی۔
وہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل کی شادی میں شرکت کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کو ڈراپ کرتے ہوئے آرہے تھے، جس وقت حادثہ ہوا اس وقت بھی گاڑی میں ساتھی کرکٹر اویشکا فرنانڈو موجود تھے۔ ابتدائی رپورٹ میں مینڈس کو کسی بھی قسم کے نشے کے زیر اثر ہونے سے کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔