کورونا کے خلاف مؤثر اینٹی باڈیز کا صرف 10 منٹ میں پتا چلانے والا ٹیسٹ


بیجنگ: چینی سائنسدانوں نے انسانی جسم میں کورونا وائرس کی تشخیص اور اس کے خلاف مؤثر اینٹی باڈیز کی موجودگی کا بیک وقت سراغ لگانے کےلیے ایک نیا ٹیسٹ ایجاد کرلیا ہے جو صرف 10 منٹ میں انتہائی درست نتائج دیتا ہے۔

امریکن کیمیکل سوسائٹی کے ایک نمائندہ تحقیقی مجلے ’’اینالیٹیکل کیمسٹری‘‘ کی تازہ ترین آن لائن اشاعت میں شائع شدہ مقالے کے مطابق، چینی ماہرین نے جس تکنیک سے استفادہ کیا ہے وہ ’’لیٹرل فلو امیونوایسے‘‘ (ایل ایف اے) کہلاتی ہے اور عملاً وہی تکنیک ہے جو حمل (پریگنینسی) کا پتا چلانے والے گھریلو ٹیسٹ میں عام استعمال ہوتی ہے۔

معمولی سی تبدیلی اور بہتری کے ساتھ ایل ایف اے تکنیک پر مبنی یہ ٹیسٹ نہ صرف خون میں ناول کورونا وائرس کی موجودگی یا غیر موجودگی کا پوری درستی سے پتا چلا سکتا ہے بلکہ اس وائرس سے دفاع کرنے والی اینٹی باڈیز کا بھی پتا دے سکتا ہے۔

ابتدائی تجربات کے دوران اسے ناول کورونا وائرس سے متاثرہ 7 افراد سے لیے گئے خون کے نمونوں کی جانچ میں استعمال آزمایا گیا، جس میں اس نے تمام نمونوں میں کورونا وائرس کی ٹھیک ٹھیک نشاندہی کی۔ یہ طریقہ مزید 12 ایسے نمونوں پر بھی آزمایا گیا جنہیں اس سے پہلے کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والی عمومی تکنیک ’’آر ٹی پی سی آر‘‘ سے جانچا گیا تھا مگر ان میں سے کسی نمونے میں بھی کورونا وائرس نہیں ملا تھا۔ نئے طریقے سے جانچنے پر ان میں سے ایک نمونے میں کورونا وائرس مل گیا، جبکہ متعلقہ شخص میں کورونا وائرس کی تمام علامات موجود تھیں مگر عمومی تکنیک سے وائرس نہیں مل پایا تھا۔

ابتدائی آزمائشوں سے ’’ایل ایف اے‘‘ پر مبنی تکنیک نہ صرف ناول کورونا وائرس بلکہ مستقبل میں کسی بھی دوسرے وائرس کی فوری اور کم خرچ تشخیص میں بھی ہمارے کام آسکے گی۔ تاہم یہ معلوم نہیں کہ اس ٹیسٹ کو مارکیٹ تک پہنچنے میں کتنا وقت لگ جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں