جہاں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے خوف سے لوگ گھروں تک محدود ہوگئے ہیں وہیں سندھ حکومت نے بھی صوبے میں 15 روز کا لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔
ایسے میں ہر کوئی گھروں میں مصروف رہنے کا کوئی نہ کوئی ذریعہ ڈھونڈ رہا ہے، جہاں سوشل میڈیا پر لوگ ایک دوسرے کو اس حوالے سے مشورے دیتے نظر آئے وہیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی ایک دلچسپ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
وسیم اکرم بھی اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ گھر تک محدود ہیں اور اس وقت ان کی پہلی ترجیح یقیناً گھر والوں کے ساتھ اچھا وقت گزارنا ہے۔
وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی جس میں ان کی بیٹی عائلہ والد کے بال سنوارنے میں مصروف ہیں جبکہ وسیم اکرم مسکراتے ہوئے کیمرے کو دیکھ رہے ہیں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے جبکہ وسیم اکرم کے مداح بھی اس ویڈیو کو پسند کرتے نظر آئے۔
سوئنگ کے سلطان سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر وسیم اکرم اور شنیرا کے ہاں بیٹی کی پیدائش 2014 میں ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن کا آغاز گزشتہ رات سے ہو گیا ہے، لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کراچی میں فوج، رینجرز اور پولیس کے دستوں نے گشت شروع کردیا تھا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ روز صوبے میں بڑھتے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر عوام کو گھروں تک محدود کرنے کے لیے رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے 804 کیسز کی تصدیق ہوگئی جبکہ 6 افراد اس بیماری سے ہلاک بھی ہوئے۔