عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے مطابق کورونا وائرس کے باعث رواں برس عالمی معیشت کو شدید بحران کا سامنا ہے تاہم 2021 میں معیشت کی جزوی بحالی کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹیلینا جارجیوا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے باعث رواں برس عالمی معیشت کو شدید بحران کا سامنا ہے اور معاشی غیر یقینی برقرار رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ شعبے مستقل طور پر سکڑ جائیں گے مگر ڈیجیٹل جیسے شعبوں میں بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں باہمی عالمی تعاون اور پالیسی ایکشن درکار ہیں، بحران پر قابو پانے کے لیے کئی ملکوں کو امداد کی ضرورت ہے، لوگوں کو روزگار فراہم کرنے اور معاشی بحالی کے لیے پبلک ہیلتھ پہلی ترجیح ہوگی۔
مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹیلینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ بحران سے نکلنے تک معاون مالیاتی اور مانیٹری پالیسیوں کی ضرورت ہوگی۔
ایم ڈی آئی ایم ایف کا یہ بھی کہنا تھا کہ قبل از وقت امداد کی معطلی معاشی بحالی کو روک سکتی ہے، ایسی صورتحال میں کمزور اور مقروض ملکوں کو مدد فراہم کرنی چاہیے۔
اپنے بیان میں انہوں نے جی ٹوئنٹی ممالک کا قرض منسوخ کرنا خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ آئی ایم ایف امداد کے لیے مزید وسائل تلاش کرے گا۔