کورونا کا شبہ، دبئی سے کراچی پہنچنے والے 2 مسافر خصوصی سینٹر منتقل

کورونا کا شبہ، دبئی سے کراچی پہنچنے والے 2 مسافر خصوصی سینٹر منتقل


غیر ملکی ائیرلائن سے براستہ دبئی کراچی پہنچنے والے 2 مسافروں کو کورونا وائرس کے شبے میں خصوصی سینٹر منتقل کردیا گیا۔

محکمہ صحت کے کورونا یونٹ کے فوکل پرسن ڈاکٹر اشفاق میمن کے مطابق دبئی سے آنے والی فلائٹ ای کے 604 کے مسافر سرفراز خان اور فرمان خان صبح ساڑھے 10 بجے کراچی پہنچے تو انہیں تھرمل اسکینگ بعد روک لیا گیا۔

فوکل پرسن کے مطابق ٹمپریچر غیرمعمولی ہونے کی وجہ سے دونوں مسافروں کو ٹرمینل کے اندر ہی واقع آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا اور ان کی امیگریشن کلیئر نہیں کی گئی۔

فوکل پرسن نے بتایا کہ بعد ازاں خصوصی نگہداشت میں ائیرپورٹ کے اندر سے ہی دونوں مسافروں کو ایمبولینس میں منتقل کردیا گیا اور انہیں سندھ حکومت کی جانب سے اوجھا اسپتال میں قائم کیے گئے کورونا کے خصوصی سینٹر پہنچا دیا گیا۔

ڈاکٹر اشفاق میمن کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر دو روز قبل قائم کیے گئے سندھ حکومت کے 78 رکنی یونٹ نے اب تک 9 مسافروں کو کورونا وائرس کی مشکوک علامات پر خصوصی سینٹر منتقل کیا ہے جہاں ان کے مزید ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں