چین سمیت دنیا بھر میں پھیلنے والے خطرناک ترین کورونا وائرس سے اب تک 500 سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ اب تک 25 ممالک میں اس وائرس کے پھیلنے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اس خطرناک صورتحال کی وجہ سے چین میں ڈاکٹرز اور نرسیں بھی اپنا زیادہ وقت اسپتالوں میں ان مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال میں وقف کر رہے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق حال میں چین کے ایک ڈاکٹر سے متعلق یہ خبر سامنے آئی جنہوں نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی خاطر اپنی شادی کے رسم ورواج پر سمجھوتہ کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق چینی صوبے شینڈونگ سے تعلق رکھنے والے جوڑے کی شادی کی تقریب کا دورانیہ صرف اور صرف 10 منٹ رہا جہاں دولہے کو شادی کے 10 منٹ بعد ہی مریضوں کے علاج کے لیے اسپتال جانا پڑا۔
دونوں کی شادی کورونا وائرس کے مرض پھیلنے سے قبل طے کی گئی تھی لیکن بعد ازاں پیش آنے والی صورتحال کے پیشِ نظر جوڑے نے اپنی شادی میں صرف اپنے والدین کو شریک کرنے کا فیصلہ کیا۔
دولہے نے انتہائی کم وقت میں اپنی شادی کی اور وہ فوراً ہی مریضوں کے علاج کے لیے اسپتال پہنچ گیا۔
چینی ڈاکٹر کی اہلیہ نے اپنے شوہر کے اس فیصلے میں ان کا بھرپور ساتھ دیا اور سادگی سے ہی اپنی شادی کی۔
چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر اس جوڑے کی تصاویر شیئر کی گئیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوبیاہتے جوڑے نے اپنے منہ پر ماسک بھی لگا رکھا ہے۔
واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے جب کہ حکومت کی جانب سے وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے نئے اسپتال بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔