چین نے کورونا وائرس کے باعث لگائی گئی سفری پابندیوں میں نرمی کی ہے جس کے باعث مقامی سیاحت میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
چینی شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد وائرس سے متاثرہ ہیں۔
چین پہلا ملک ہے جس نے اِس مہلک وبا کو کنٹرول کیا ہے اور وائرس کا مرکز سمجھے جانے والے شہر ووہان میں بھی کوئی متاثرہ مریض نہیں ہے۔
چین نے کورونا پر قابو پانے کے بعد سفری پابندیوں میں نرمی کی ہے جس سے مقامی سیاحت نے زور پکڑ لیا ہے اور 4 دن میں 6 ارب ڈالر سے زائد آمدنی حاصل کرلی ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق یکم مئی سے شروع ہونے والی 5 روزہ چھٹیوں میں 10 کروڑ 40 لاکھ افراد نے مقامی سطح پر سیر و سیاحت کی ہے جس سے 6 ارب ڈالرز سے زائد آمدنی حاصل ہوئی ہے۔
دوسری جانب چین میں مقامی سطح پر ایک بھی کورونا وائرس کا کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بیرون ملک سے آنے والے شہری میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، اس کے علاوہ مزید 87 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے 4633 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 82 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔