واشنگٹن:
کورونا ویکسین پر ہونے والی حالیہ امریکی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کورونا ویکسین دیگر خطرناک بیماریوں سے بھی تحفظ فراہم کرتی ہے ساتھ ہی شرح اموات میں کمی لانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔الجزیرہ کے مطابق امریکا کے بیماریوں سے تحفظ اور ان پر کنٹرول پانے کے مراکز (سی ڈی سی) میں پیش کیے گئے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد میں خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 4 گنا زائد ہے جب کہ مکمل طور پر ویکسی نیٹڈ افراد کے مقابلے میں ویکسین نہ کرانے والے افراد میں مرنے والوں کی تعداد 11 گنا زائد ہے۔
اس بابت سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول ( سی ڈی سی) کی ڈائریکٹر روشیل ویلینسکی کا کہنا تھا کہ تحقیق سے سامنے آنے والے اعداد و شمارسے ظاہر ہوتا ہے کہ ویکسی نیشن ہمیں کووڈ 19 کی پیچیدگیوں سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مطالعے میں رواں سال اپریل تا جولائی کے وسط تک 13 ریاستوں کے بڑے شہروں میں اسپتالوں میں داخل ہونے والے کووڈ19 کے 6 لاکھ کیسز کو شامل کیا گیا۔
ولینسکی کا کہنا ہے کہ اس تحقیق میں آخری 2 ماہ کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ جس وقت ملک میں کورونا کا ڈیلٹا ویرئینٹ تباہی مچا رہا تھا اس وقت ویکسین نہ کروانے والے افراد کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تعداد ساڑھے 4 گنا، اسپتالوں میں داخل ہونے والوں کی تعداد 10 گنا سے زائد اور شرح اموات 11 گنا زائد تھی۔
انہوں نے کہا کہ جب کہ مکمل ویکسی نیشن کروانے افراد کے نہ صرف اسپتالوں میں داخلے اور شرح اموات کے ساتھ ساتھ ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤو کی شرح بہت کم اور خصو صا ً 75 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد میں زیادہ تھی۔