کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کی تعداد میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی


چین کے نئے کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے تعداد میں مسلسل تیسرے بھی کمی آئی جبکہ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ یہ پیش گوئی کرنا ‘ناممکن’ تھا کہ وبا کیسے پھیلے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر وائرس کے پھیلنے پر تشویش برقرار ہے جو پہلی مرتبہ چین کے وسطی صوبے ہوبے میں دسمبر کے مہینے میں سامنے آیا جبکہ ایشیا کے باہر فرانس میں اس وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی ہے۔

چین میں اس وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار 665 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ روز سے اب تک اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 142 بتائی گئی ہے اور 68 ہزار افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی آرہی ہے۔

وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے ہوبے میں نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل تیسرے روز کمی دیکھی گئی جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 139 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد اتنی ہی ہے۔

ملک کے دیگر حصوں میں کیسز کی تعداد میں مسلسل 12 روز سے کمی دیکھی جارہی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ تیدروس ادھانوم نے خبر دار کیا ہے کہ ‘یہ پیش گوئی کرنا ناممکن ہے کہ وبا کا پھیلاؤ کس جانب جائے گا’۔

میونخ میں سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم تمام حکومتوں، کمپنیوں اور نیوز اداروں سے ہمارے ساتھ کام کرنے کی درخواست کرتے ہیں کہ بے چینی پھیلائے بغیر مناسب انتباہ پھیلایا جاسکے’۔

اقوام متحدہ کے ادارہ صحت نے چین سے مزید تفصیلات طلب کرلی ہیں کہ اس کی تشخیص کس طرح کی جارہی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کی بین الاقوامی ٹیم رواں ہفتے چینی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر مشترکہ مشن کے لیے بیجنگ پہنچے گی۔

جاپان: کشتی پر مزید 70 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص

جاپانی وزیر صحت کاٹسونوبو کاٹو کا کہنا ہے کہ قرنطینہ میں رکھے گئے بحری جہاز میں مزید 70 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی جس کے بعد اس میں موجود کل کیسز کی تعداد 355 ہوگئی۔

— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کارنیوال کارپوریشن کی ڈائمنڈ پرنسز کو 3 فروری کو یوکوہاما پہنچنے کے بعد سے ایک شخص میں کورونا وائرس کی موجودگی کی اطلاع پر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

بحری جہاز میں 3 ہزار 700 مسافر اور عملہ موجود ہیں اور جن افراد میں وائرس کی تشخیص ہورہی ہے انہیں جاپان کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

جہاز میں وائرس سے تاحال کوئی بھی شخص ہلاک نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: چین: کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی

واضح رہے کہ چین سے شروع ہونے والے اس کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 68 ہزار 500 سے زائد افراد متاثر جبکہ مجموعی طور پر 1 ہزار 665 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں اسے اکثریت چین سے ہی ہے اور چین کے علاوہ جو 3 اموات ہوئیں وہ فرانس، فلپائن، ہانگ کانگ اور جاپان میں سامنے آئیں۔

اس کے علاوہ اس وائرس کے مرکز صوبہ ہوبے اور اس کے دارالحکومت ووہان میں اس وقت 5 کروڑ 60 لاکھ افراد قرنطینہ میں رہ رہے ہیں اور ان کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ منقطع ہوکر رہ گیا ہے۔

یاد رہے کہ چین سے شروع ہونے والے اس کورونا وائرس سے چین کو نہ صرف معاشی بلکہ کھیلوں کے حوالے سے بھی نقصان اٹھانا پڑا اور آسٹریلوی حکومت کی جانب سے عائد سفری پابندیوں کی وجہ سے چین کی جمناسٹکس ٹیم آئندہ ہفتے میلبورن میں ہونے والے ورلڈ کپ جمناسٹکس 2020 سے باہر ہوگئی۔

کورونا وائرس ہے کیا؟

کورونا وائرس کو جراثیموں کی ایک نسل Coronaviridae کا حصہ قرار دیا جاتا ہے اور مائیکرو اسکوپ میں یہ نوکدار رنگز جیسا نظر آتا ہے، اور نوکدار ہونے کی وجہ سے ہی اسے کورونا کا نام دیا گیا ہے جو اس کے وائرل انویلپ کے ارگرد ایک ہالہ سے بنادیتے ہیں۔

کورونا وائرسز میں آر این اے کی ایک لڑی ہوتی ہے اور وہ اس وقت تک اپنی تعداد نہیں بڑھاسکتے جب تک زندہ خلیات میں داخل ہوکر اس کے افعال پر کنٹرول حاصل نہیں کرلیتے، اس کے نوکدار حصے ہی خلیات میں داخل ہونے میں مدد فرہم کرتے ہیں بالکل ایسے جیسے کسی دھماکا خیز مواد سے دروازے کو اڑا کر اندر جانے کا راستہ بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: سفری پابندیوں کے باعث چین، جمناسٹکس ورلڈ کپ سے باہر

ایک بار داخل ہونے کے بعد یہ خلیے کو ایک وائرس فیکٹری میں تبدیل کردیتے ہیں اور مالیکیولر زنجیر کو مزید وائرسز بنانے کے لیے استعمال کرنے لگتے ہیں اور پھر انہیں دیگر مقامات پر منتقل کرنے لگتے ہیں، یعنی یہ وائرس دیگر خلیات کو متاثر کرتا ہے اور یہی سلسلہ آگے بڑھتا رہتا ہے۔

عموماً اس طرح کے وائرسز جانوروں میں پائے جاتے ہیں، جن میں مویشی، پالتو جانور، جنگلی حیات جیسے چمگادڑ میں دریافت ہوا ہے اور جب یہ انسانوں میں منتقل ہوتا ہے تو بخار، سانس کے نظام کے امراض اور پھیپھڑوں میں ورم کا باعث بنتا ہے۔

ایسے افراد جن کا مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے یعنی بزرگ یا ایچ آئی وی/ایڈز کے مریض وغیرہ، ان میں یہ وائرسز نظام تنفس کے سنگین امراض کا باعث بنتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں