کورونا وائرس کے خلاف ”پاکستان قومی ایمرجنسی پلان“ کی منظوری


اسلام آباد: کورونا وائرس کے خلاف ”پاکستان قومی ایمرجنسی پلان“ کی منظوری دے دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت منصوبہ بندی میں چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان کی زیرِ صدارت کورونا وائرس پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ورلڈ بنک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرزنے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے خلاف ”پاکستان قومی ایمرجنسی پلان“ کی منظوری دے دی گئی جب کہ فیصلہ ہوا کہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے مجموعی طور پر 588 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔

قومی ایمرجنسی پلان کے تحت ملک بھر میں آئسولیشن رومز کے قیام کیلئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے، ملک بھر کورونا وائرس کی نگرانی کا مربوط نظام تشکیل دیا جائے گا، ملک بھر میں کورونا کی روک تھام کیلئے اضافی سامان فراہم کیا جائے گا، کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹیلیٹرز بھی فراہم کیے جائیں گے، ہیلتھ ٹیمز اور طبی عملے کیلئے حفاظتی لباس بھی فراہم کیا جائے گا، ان اقدامات کیلئے ورلڈ بینک 238 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ایشیائی ترقیاتی بینک 350 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔

دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاﺅ کے حوالہ سے اقدامات کے تحت اپنے رکن ممالک کیلئے 6.5 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سےاے ڈی بی کے حکام نے کہا کہ کورونا ایک عالمی وباءکی شکل اختیار کر چکا ہے جس  سے نمٹنے کےلئے رکن ممالک کی فوری مدد کی جائے گی۔

اے ڈی بی نے وائرس کے خلاف بھرپور قومی اور بین الاقوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 6.5 ارب ڈالر کا ریسکیو پیکیج فوری حفاظتی ضروریات کے لئے ہو گا جب کہ  صورتحال کے پیش نظر رکن ممالک مزید مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں