لاہور: پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باوجود پاکستان میں ہونے والی پی ایس ایل کامیاب ترین لیگ ثابت ہوئی۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل کی منسوخی کے اعلان کے بعد غیرملکی کھلاڑیوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی بھی وطن واپس لوٹ گئے تاہم واپسی سے قبل انہوں نے پاکستانیوں کے نام ایک پیغام جاری کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ کورونا وائرس کے باوجود پہلی بار پاکستان میں ہونے والی پی ایس ایل کامیاب ترین لیگ ثابت ہوئی، میں پشاور زلمی فیملی کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
ڈیرن سیمی نے پاکستانیوں سے درخواست کی کہ وہ وائرس سے اپنی حفاظت کریں اور آپ سے پھر ملاقات ہوگی۔