کورونا وائرس کے باعث اولمپکس 2020 اگلے سال تک ملتوی


انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے صدر تھامس بیچ اورجاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر اولمپکس کو اگلے سال تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی او سی کے صدر تھامس بیچ، جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے، ٹوکیو 2020 آرگنائزنگ کمیٹی صدر ہاشیموتو، ٹوکیو کے گورنر کوئیکے یوریکو سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے کووڈ-19 اور اولمپک گیمز ٹوکیو 2020 کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور ایتھلیٹس کو مقابلوں کے لیے تیاری کرنے میں درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق آئی او سی کے صدر تھامس بیچ اور جاپانی وزیراعظم نے عالمی طور پر پھیلنے والی وبا کورونا وائرس کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جس کے باعث نہ صرف لوگوں کی جانیں خطرے میں ہیں بلکہ گیمز کے لیے بین الاقوامی ایتھلیٹس کی تیاریوں پر بھی اثر پڑا ہے۔

اجلاس کے حوالے سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات بڑے دوستانہ ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے ٹوکیو 2020 کی آرگنائزنگ کمیٹی کے کام کو سراہا اور کورونا وائرس کے خلاف جاپان کے اقدامات کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ کورونا وائرس کے غیر متوقع اور غیر معمولی پھیلاؤ سے دنیا کی صورت حال خراب ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریسوس نے کہا تھا کہ کووڈ-19 کی وبا مزید پھیل رہی ہے اور متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت سے ملنے والی معلومات اور تازہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے آئی او سی کے صدر اور جاپانی وزیر اعظم نے ٹوکیو اولمپک کے شیڈول کو 2020 کے اختتام تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ التوا 2021 کے موسم سرما سے آگے نہیں بڑھے گا اور یہ فیصلہ ایتھلیٹس اور گیمز سے منسلک ہر رکن اور عالمی برادری کی صحت کے تحفظ کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ بحران کے اس دور میں ٹوکیو اولمپکس دنیا کے لیے امید کی کرن کے طور کھڑی رہے گی اور اولمپک مشعل مسلسل روشن رہے گی۔

آئی او سی کے صدر اور جاپانی وزیر اعظم نے مقابلے کے نام کو اولمپک اور پیرالمپک گیمز ٹوکیو 2020 ہی رکھنے پر اتفاق کیا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث گزشتہ روز کینیڈا نے اولمپک مقابلوں سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جس کے بعد مقابلوں کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا تھا۔

جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے کئی ہفتوں سے مسلسل کہہ رہے تھے کہ گیمز شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے لیکن کینیڈا کے فیصلے کے بعد ان کے مؤقف میں لچک نظر آنے لگی تھی اور اب باقاعدہ فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ امن کے دنوں میں اولمپکس کو کبھی بھی ملتوی یا منسوخ نہیں کیا گیا جبکہ دوسری جنگ عظیم کے سبب ملتوی کیے گئے 1940 کے اولمپکس کا انعقاد بھی اتفاق سے ٹوکیو میں شیڈول تھا۔

کورونا وائرس کا آغاز چین کے شہر ووہان سے ہوا تھا جہاں صرف چین میں وائرس سے 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں