کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کا طرز زندگی تبدیل ہوگیا، نادیہ حسین


کراچی: ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کا طرز زندگی تبدیل ہوگیا۔

احسن خان کے شو میں بطور مہمان شرکت کرنے والی نادیہ حسین نے کورونا وائرس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہم لوگ صرف لاک ڈاؤن کی بات کر رہے ہیں لیکن در حقیقت اس وقت ہمیں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد کی تیاری کرنی چاہیے، مساجد میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر پر ابھی سے کام شروع کردینا چاہیے تاکہ لوگ پہلے سے ان معاملات کے لیے ذہنی طور پر تیار رہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بدقسمتی سے ہم اس وقت صرف لاک ڈاؤن پر ہی توجہ دے رہے ہیں جوکہ میرے نزدیک غلط عمل ہے، لاک ڈاؤن وقت کی ضرورت ہے لیکن ہمیں بعد کی صورحال پر بھی نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔

نادیہ حسین نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا تبدیل ہوگئی ہے، ہمارا اٹھنا بیٹھنا، لوگوں سے ملنا یہاں تک کہ ہمارا طرز زندگی خاصا بدل گیا ہے اس وقت ہمیں نازک صورتحال کو سمجھنے کی ضرورت ہے جوکہ ہم نہیں کر رہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں