گزشتہ سال دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس نے اب تقریباً پوری دنیا کو ہی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور وائرس سے اب تک لاکھوں افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متعدد ادارے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز وائرس سے متعلق آگاہی پھیلانے میں سرگرم ہیں۔
اسی سلسلے میں پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری نے کورونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک مختصر فلم ریلیز کی ہے۔
مختصر فلم ‘کال ٹو ایکشن’ میں کورونا وائرس سے متعلق آگاہی کا پیغام دیا گیا ہے کہ ‘احتیاط کرو اور جیتے رہو’۔
اس فلم کا دورانیہ 2 منٹ 45 سیکنڈز کا ہے جس کی ہدایت کاری معروف ہدایت کار فیصل قریشی کی جانب سے کی گئی ہے۔
فلم میں انڈسٹری کے متعدد اداکار اور اداکارائیں موجود ہیں جن میں مایا علی، حمزہ علی عباسی، عائشہ عمر، ہمایوں سعید، زارا نور عباس، ریما خان، شہریار منور، علی رحمان، اقرا ء عزیز اور دیگر بھی شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر مختصر فلم ‘کال ٹو ایکشن’ کو بےحد سراہا گیا ہے لیکن چند صارفین کی جانب سے مختصر فلم میں اداکار ہمایوں سعید پر تنقید بھی گئی۔
کئی صارفین کا کہنا تھا کہ مختصر فلم میں اداکار ہمایوں سعید دستانے بالکل غلط طریقے سے اتار رہے تھے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنےکے لیے شوبز ستارے بھی ایک ہوگئے ہیں اور متعدد اداکار و اداکاراؤں کی جانب سے غریبوں کو راشن تقسیم کرنے کا بھی سلسلہ جاری ہے۔