کورونا وائرس کس عمر کے افراد کو زیادہ شکار کرسکتا ہے؟


نئے نوول کورونا وائرس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ درمیانی عمر یا معمر افراد اس کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔

مگر اس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے نوجوان زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

یہ بات برطانیہ میں سامنے آنے والے اعدادوشمار میں دریافت ہوئی۔

پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 17 سے 29 سال کی عمر کے افراد میں اس بیماری کا امکان زیادہ ہوتا ہے، تاہم ان میں معمر افراد کی طرح بہت زیادہ بیمار ہونے کا امکان کم ہوتا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق اپریل کی ابتدا تک 11 فیصد مریضوں کی عمریں 17 سے 29 سال کے درمیان تھیں۔

اس کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 30 سال سے زائد عمر کے تھے جن کی شرح 10 فیصد تھی جبکہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد میں یہ شرح 7 فیصد تھی۔

سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ ان اعدادوشمار سے اس حقیقت کا عندیہ ملتا ہے کہ نوجوان سماجی طور پر زیادہ سرگرم ہوتے ہیں اور لاک ڈاؤن کے مشورے کی خلاف ورزی بھی سب سے زیادہ کرتے ہیں۔

اس تحقیق میں 23 مارچ سے اپریل کی ابتدا تک لاک ڈاؤن کے 3 ہفتوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔

اس عرصے میں 26 ہزار 800 اموات 75 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی ہوئیں جبکہ 400 سے مریض ایسے تھے جن کی عمریں 44 سال یا اس سے کم تھی۔

ایسٹ اینجیلا یونیورسٹی کے پروفیسر پال ہنٹر نے کہا کہ نوجوان افراد لوگوں سے زیادہ ملتے ہیں اور سماجی دوری کے اصولوں پر سب سے کم عملدرآمد کرتے ہیں۔

یہ بات پہلے ہی سامنے آچکی ہے کہ کووڈ 19 کے ایک تہائی سے زائد مریض ایسے ہوتے ہیں جو بیمار نہیں ہوتے یعنی وائرس تو ان میں ہوتا ہے مگر علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔

سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ دیگر خطوں کا ڈیٹا محدود ہے مگر وہاں بھی اس سے ملتا جلتا رجحان نظر آتا ہے اور اس سے اندازہ ہتا ہے کہ کس طرح یہ وائرس پھیلتا ہے۔

یہ اعدادوشمار پاکستان کی حد تک بھی درست لگتے ہیں جہاں نوجوانوں میں اس مرض کی شرح زیادہ ہے مگر اموات میں زیادہ عمر کے افراد کی شرح زیادہ ہے۔

پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ کے اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے تو وہاں بھی ایسا ہی رجحان نظر آتا ہے یعنی 20 سے 29 سال کے افراد کووڈ 19 سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جو مجموعی مریضوں کی تعداد کا 21.45 فیصد ہے۔

اسی طرح 30 سے 39 سال کا گروپ دوسرے نمبر پر ہے جن میں یہ شرح 21.05 فیصد ہے۔

40 سے 49 سال کے افراد لگ بھگ 16 فیصد کے تیسرے جبکہ 50 سے 59 سال کے مریض 14.86 فیصد کے چوتھے نمبر پر ہیں۔

60 سے 69 سال کے مریضوں میں یہ شرح 9.36 فیصد، 70 سے 79 سال کے مریضوں میں 3.48 فیصد اور 80 سال سے زائد میں 0.81 فیصد ہے۔

مگر اموات کے لحاظ سے یہ شرح بالکل الٹ ہے۔

وہاں 20 سے 29 سال کی کے مریضوں میں اموات کی شرح 2.09 فیصد ہے جبکہ 30 سے 39 سال کے افراد میں 2.35 فیصد۔

40 سے 49 سالل کے مریضوں میں 13.05 فیصد، 50 سے 59 سال کے افراد میں 25.33 فیصد اور 60 سے 69 سال کے لوگوں میں سب سے زیادہ 32.64 فیصد ہے۔

70 سے 79 سال کے افراد میں 16.71 فیصد اور 80 سال سے زائد کے مریضوں میں 7.31 فیصد ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں