برطانیہ میں نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے اسٹاف کے لیے ایجبسٹن کرکٹ کلب گراؤنڈ کو وسیع کورونا وائرس ڈرائیو ان ٹیسٹنگ سائٹ میں تبدیل کر دیا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ورکرز نے برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ کلب گراؤنڈ کو وسیع ڈرائیو ان کورونا ٹیسٹینگ سائٹ میں تبدیل کرنے کے لیے خیمے اور پورٹ کیبنز لگانا شروع کر دیئے ہیں۔
نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) انگلینڈ کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ ڈرائیو ان ٹیسٹنگ سائٹ اگلے ہفتے این ایچ ایس کے اسٹاف کی ٹیسٹنگ کے لیے کام کا آغاز کرے گی۔
برطانیہ میں سب سے پہلے چیسینگٹن ورلڈ آف ایڈوینچرز میں این ایچ ایس اسٹاف کے لیے ڈرائیو ان کورونا ٹیسٹنگ سینٹر کا آغاز کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں این ایچ ایس کے 5 لاکھ فرنٹ لائن میڈیکل کارکنان میں سےاب تک صرف 5 ہزار کارکنان کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) انگلینڈ میں عوامی مالی اعانت کے تحت چلنے والا ہیلتھ کیئر سسٹم ہے۔
برطانیہ میں کورونا وائرس کی صورتحال
برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 900 سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد 33 ہزار 700 سے زائد ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال
عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں اب تک 53 ہزار سے زائد جانیں ضائع ہو چکی ہیں جب کہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔