کورونا وائرس کا شبہ: جدہ سے ملتان آنے والے 3 مسافر اسپتال منتقل


ملتان: سعودی عرب سے پاکستان آنے والے تین مسافروں کو کورونا وائرس کے شبہے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کورونا وائرس کا شبہے میں جدہ سے آنے والی خاتون سمیت 3 مسافروں کو نشتر اسپتال کے آئسولینش وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق تینوں مسافر سعودی ائیر لائن کی پرواز سے آج ملتان پہنچے تھے۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق مسافروں میں ائیرپورٹ پر اسکریننگ کے دوران کورونا وائرس کی علامات پائی گئیں جس پر انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اب تک پاکستان میں کورونا وائرس کے 6 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے کراچی میں زیر علاج ایک شخص کو صحتیاب ہونے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں