کورونا وائرس: پی ایس ایل سیمی فائنلز اور فائنل غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی


ملک میں بڑھتے کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 کو ملتوی کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر آج ہونے والے ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور کل (18 مارچ) کو ہونے والا فائنل کو فی الحال ختم کردیا گیا۔

بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک مختصر سی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کو ملتوی کردیا گیا، اسے بعد میں ری شیڈول کیا جائے گا اور مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

اگر ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی بات کی جائے تو اس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے جہاں مریضوں کی تعداد 150 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا میں 15 اور بلوچستان میں 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں صوبہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے 2 مصدقہ کیسز ہیں جبکہ اسلام آباد میں 2 اور گلگت بلتستان میں 5 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

دنیا بھر میں پھیلنے والے اس کورونا وائرس سے مختلف کھیلوں کے مقابلے متاثر ہوئے ہیں اور اس کا اثر پی ایس ایل سیزن 5 پر بھی پڑا تھا۔

کورونا وائرس کے باعث پہلے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 13 مارچ سے پی ایس ایل کے میچز بغیر شائقین کے کرانے کا فیصلہ ہوا تھا جبکہ بعد ازاں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بھی شائقین کے بغیر میچز کروائے گئے تھے۔

اس کے علاوہ پی ایس ایل کو ری شیڈول کرتے ہوئے اس کے کراچی میں ہونے والے آخر کے میچز کو لاہور منتقل کردیا گیا تھا اور دونوں سیمی فائنلز اور فائنلز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے تھے۔

اگر مجموعی طور پر پی ایس ایل کی ٹاپ 4 ٹیموں کی بات کریں جو سیمی فائنل تک پہنچی تھیں تو اس میں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیم شامل تھی۔

یہاں یہ بات یاد رہے کہ یہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم کسی بھی سیزن کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچی تھی۔

پی ایس ایل میں آج پہلا سیمی فائنل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی جبکہ دوسرا سیمی فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان شیڈول تھا، جبکہ ان دونوں میچ کی فاتح ٹیمز فائنل میں ٹکراتی تاہم اب ایونٹ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں