امریکی پاپ گلوکارہ، اداکارہ و موسیقار 30 سالہ ٹیلر سوئفٹ نے دنیا بھر میں 23 لاکھ افراد کو متاثر کرنے والی کورونا وائرس کی وبا کے باعث رواں سال کے اپنے تمام پروگرامات ملتوی کردیے۔
دسمبر 2019 میں چین سے شروع ہونے والی بیماری کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں جہاں شہروں کو بند کرکے لاک ڈاؤن نافذ کردیے گئے ہیں، وہیں فلموں کی شوٹنگ، عوامی تقریبات، کھیلوں کے مقابلے اور میوزک فیسٹیولز سمیت مذہبی پروگرامات و اجتماعات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ کے علاوہ بھی کئی گلوکاروں نے اپنے میوزک فیسٹیولز کو ملتوی کردیا ہے تاہم انہوں نے دیگر گلوکاروں سے ایک قدم آگے جاتے ہوئے اپنے رواں سال طے شدہ تمام پروگرامات کو ملتوی کردیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 30 سالہ گلوکارہ نے کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر 2020 میں طے شدہ اپنے تمام پروگرامات کو فوری طور پر ملتوی کردیا۔
گلوکارہ کے مطابق رواں سال امریکا کے مختلف شہروں اور برازیل میں طے شدہ متعدد میوزک فیسٹیول اب کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر نہیں ہوں گے اور اس فیصلے پر انہیں اور ان کی ٹیم کو افسوس ہے مگر احتیاط سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔
گلوکارہ و اداکارہ کا کہنا تھا کہ رواں سال ہونے والے تمام موسیقی کے فیسٹیول نہیں ہوں گے تاہم یہی پروگرامات آئندہ سال منعقد کیے جائیں گے اور اس حوالے سے 2020 کے آخر میں نیا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔
اپنے سال بھر کے پروگرامات ملتوی کرنے کے حوالے سے ٹیلر سوئفٹ نے ٹوئٹ کے ذریعے بھی مداحوں کو آگاہ کیا اور بتایا کہ جن لوگوں نے رواں سال کے طے شدہ ان کے میوزیکل فیسٹیول کے ٹکٹ خرید رکھے ہیں، انہیں ان ہی ٹکٹس کے بدلے 2021 میں نئے ٹکسٹ دیے جائیں گے۔
اداکارہ نے مزید وضاحت کی کہ جو شخص ان کے طے شدہ پروگرامات کے ٹکٹس واپس کرکے پیسے لینا چاہے تو بھی وہ مئی 2020 کے بعد اپنے خریدے ہوئے ٹکٹ واپس کرکے پیسے حاصل کر سکتا ہے۔
اداکارہ نے اسی حوالے سے اپنی ویب سائٹ پر بھی تفصیلات جاری کیں، جن کے مطابق گلوکارہ نے تقریبا ڈیڑھ درجن میوزیک فیسٹیول ملتوی کیے ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ کے میوزک فیسٹیول جون سے اگست تک ہونا تھے لیکن اب کورونا وائرس کے پیش نظر ان کے تمام شوز اس سال نہیں ہوں گے اور ان ہی شوز کو آئندہ سال نئے شیڈول کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے دسمبر 2019 کے وسط سے لے کر 19 اپریل کی دوپہر تک دنیا بھر میں 23 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے تھے جب کہ اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد ہو چکی تھی۔
کورونا وائرس دنیا کے 190 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اس سے بچاؤ کے تحت زیادہ تر ممالک میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہے، جس کے تحت تمام کاروبار زندگی مفلوج ہے۔
پاکستان میں بھی 19 اپریل کی دوپہر تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 8 ہزار تک جا پہنچی تھی جب کہ اموات کی تعداد 158 ہوگئی تھی۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر افراد امریکا میں ہیں، جہاں 19 اپریل کی دوپہر تک 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد اس مرض کا شکار ہوئے اور وہیں سب سے زیادہ یعنی 39 ہزار ہلاکتیں ہو چکی تھیں۔