کورونا وائرس: نیویارک میں بھی آن لائن شادیوں کی اجازت


کورونا وائرس کی وبا کے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر جہاں دنیا بھر میں شادیوں کے اجتماعات میں پابندی عائد کردی گئی ہے، وہیں اب کئی ممالک نے آن لائن شادیوں کو بھی قانونی درجہ دینا شروع کردیا ہے۔

اگرچہ کورونا وائرس سے قبل بھی لوگ آن لائن شادیاں کرتے تھے، تاہم انہیں شادی کو رجسٹرڈ کروانے کے لیے سرکاری دفاتر میں لازمی حاضری لگانا پڑتی تھی مگر اب کورونا وائرس کی وبا کے باعث کئی ممالک نے شادی کرنے کے خواہش مند جوڑوں کو اس حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت جہاں انڈونیشیا سے لے کر بھارت تک جوڑے آن لائن شادیاں کر رہے ہیں، وہیں متحدہ عرب امارات سے لے کر لبنان نیویارک تک کی حکومتوں نے بھی شادی کے خواہش مند جوڑوں کو آن لائن شادیاں کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

جی ہاں، کورونا وائرس سے امریکا کی متاثرہ سب سے بڑی ریاست نیویارک کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ شادی کے خواہش مند افراد اب آن لائن شادیاں بھی کر سکتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے بھی حال ہی میں آن لائن شادیوں کو قانونی قرار دیا تھا—فوٹو: اے ایف پی
متحدہ عرب امارات نے بھی حال ہی میں آن لائن شادیوں کو قانونی قرار دیا تھا—فوٹو: اے ایف پی

ریاست نیویارک کے گورنر نے اینڈریو کیومو نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے ایک ایگزیکٹو قانونی حکم نامے پر دستخط کردیے ہیں، جس کے تحت اب لوگ آن لائن شادی کے سرٹفیکیٹ بھی حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ شادی کے خواہش مند جوڑے گھر بیٹھے آن لائن ویڈیوز کے ذریعے شادی کر سکیں گے اور ان کی خوشیوں میں آن لائن لوگ شرکت کر سکیں گے۔

اسی حوالے سے ٹیکنالوجی ادارے دی ورج نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریاست کے گورنر نے شادی کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے سرکاری عہدیداروں اور مذہبی رہنماؤں کو اجازت دے دی ہے کہ وہ کسی بھی خواہش مند جوڑے کی آن لائن شادی کرادیں۔

کورونا وائرس کے باعث نیویارک میں ہزاروں جوڑے شادیاں کرنے سے محروم ہوگئے ہیں اور سرکاری دفاتر بند ہونے کی وجہ سے انہیں شادی کے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں مشکلات درپیش آ رہی تھیں جس کے بعد گورنر نے ایک خصوصی حکم نامہ جاری کردیا۔

اب نئے حکم نامے کے تحت شادی کے خواہش مند جوڑے اپنے علاقے کے قریبی سرکاری دفتر سے آن لائن شادی کا سرٹفکیٹ حاصل کرنے سمیت کسی بھی مذہبی شخصیت سے اپنی شادی کی رسومات آن لائن ادا کروا سکیں گے۔

انڈونیشیا جیسے ممالک میں بھی آن لائن شادیوں کا رجحان بڑھ رہا ہے—فوٹو: رائٹرز
انڈونیشیا جیسے ممالک میں بھی آن لائن شادیوں کا رجحان بڑھ رہا ہے—فوٹو: رائٹرز

اپنا تبصرہ لکھیں