کورونا وائرس: قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ آن لائن لیے جائیں گے


کورونا وائرس کے سبب کھیلوں سمیت تمام سرگرمیاں منسوخ ہونے کی وجہ سے قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ گزشتہ ماہ شیڈول تھے لیکن کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والی غیریقینی صورتحال کے باعث انہیں منسوخ کردیا گیا۔

تاہم کسی بھی قسم کی سرگرمی نہ ہونے کے سبب کھلاڑیوں کی فٹنس کو لاحق خدشات کے پیش نظر ہیڈ کوچ مصباح الحق نے آن لائن ٹیسٹ لینے کا منصوبہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا طریقہ کار ٹرینر یاسر ملک نے مرتب کیا ہے جس کے تحت کھلاڑیوں کو تمام تر تفصیلات بھجوا دی گئی ہیں۔

فٹنس ٹیسٹ کے سلسلے میں کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لیے ویڈیوز بھی بھجوائی جائیں گی تاکہ وہ اس کے مطابق تیاری کر سکیں۔

پاکستان کی قومی ٹیم کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹرز بھی فٹنس ٹیسٹ 20 اپریل کو متوقع ہیں جبکہ ڈومیسٹک کھلاڑیوں کی رہنمائی ان کے ٹرینرز کریں گے جس کے لیے انہیں بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی سماجی اور کھیلوں سمیت تمام پیشہ وارانہ سرگرمیاں طری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مقابلوں کو بھی وائرس کے سبب غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ سیریز کے ساتھ ساتھ مستقبل قریب میں شیڈول تمام سیریز کا انعقاد بھی مشکل نظر آتا ہے۔

دنیا بھر میں بھی کورونا وائرس کے سبب اولمپکس، یورو کپ، ومبلڈن سمیت تمام کھیلوں کی سرگرمیوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان سے جنم لینے والے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں کم از کم 83 ہزار افراد ہلاک اور 14 لاکھ 450 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں بھی وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ پھیلتا جا رہا ہے اور اب تک ملک میں 60 افراد جاں بحق اور 4 ہزار سے زائد وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں