مشہور زمانہ ہولی وڈ سیریز ‘بیٹ مین’ کی نئی فلم اگلے سال جون میں ریلیز ہونے جارہی تھی تاہم کورونا وائرس کے باعث یہ فلم بھی تاخیر کا شکار ہوگئی۔
اور اب وارنر اسٹوڈیو نے اعلان کیا کہ فلم سال 2021 میں جون کے بجائے اکتوبر میں ریلیز کی جائے گی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے باعث کئی ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کی وجہ سے فلمی صنعت بھی بہت زیادہ متاثر ہورہی ہے۔
مزید پڑھیں: روبرٹ پیٹنسن کے ‘بیٹ مین’ کی پہلی جھلک جاری
وائرس کے باعث فلموں کی پروڈکشن کا سلسلہ روک دیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بیٹ بین کی ریلیز میں بھی تاخیر ہورہی ہے۔
فلم کے ہدایت کار میٹ ریوز نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی فلم 25 جون 2021 کو ریلیز ہونے جارہی تھی تاہم اب اسے یکم اکتوبر 2021 کو ریلیز کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس فلم میں بیٹ مین کا کردار کوئی اور نہیں بلکہ خوبرو اداکار روبرٹ پیٹنسن نبھاتے نظر آئیں گے۔
اس سیریز میں اب تک کرسٹین بیل، بین ایفلک اور مائیکل کیوٹن جیسے اداکار بیٹ مین کا کردار نبھا چکے ہیں۔
لیکن اب مداح جلد ہی نوجوان اداکار روبرٹ پیٹنسن کو اس کردار میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
اس فلم میں روبرٹ پیٹنسن کے علاوہ کولن فیرل، جان ٹرٹورو، اینڈی سرکس، پال ڈانو اور زوئی کراوٹز بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال اس فلم می پہلی جھلک بھی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تھی جسے مداحوں نے خوب پسند کیا تھا۔
روبرٹ پیٹنسن کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو وہ ‘ٹوائلائٹ سیریز’، ‘ہیری پوٹر’ اور ‘کوسموپولیس’ جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔