کورونا وائرس: صوبہ سندھ نے 100 فیصد ویکسینیشن کا ہدف عبور کرلیا

کورونا وائرس: صوبہ سندھ نے 100 فیصد ویکسینیشن کا ہدف عبور کرلیا


سندھ کووڈ 19 ویکسین کی اہل آبادی کی 100 فیصد ویکسی نیشن کا ہدف عبور کرنے والا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا۔

محکمہ صحت سندھ سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق صوبے میں 12 سال اور اس سے زائد عمر کے 100 فیصد یعنی 3 کروڑ 42 لاکھ 90 ہزار افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ہے، تمام افراد کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی دو خوراکیں حاصل کرچکے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سندھ کے مقابلے پنجاب میں نسبتاً کم یعنی 86 فیصد جبکہ خیبر پختونخوا میں 64 فیصد افراد کو مکمل ویکسین لگائی گئی ہے۔

سندھ میں ویکسی نیشن کی اعداد و شمار ظاہر کرتے ہوئے صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں 75 لاکھ 50 ہزار افراد بوسٹر شاٹ بھی لگوا چکے ہیں۔

محکمہ سندھ نے کہا ہے کہ یہ کامیابی صحت کے عملے، ایکسپینڈڈ پروگرام آن امیونائزیشن (ای پی آئی)، محکمہ صحت سندھ، این سی او سی، وزارت صحت، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور دیگر شراکت دار تنظیموں کے جذبے اور لگن سے حاصل ہوئی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ کورونا وائرس اب بھی ختم نہیں ہوا اور اس کے نئے ویرینٹ مسلسل سامنے آرہے ہیں، شہری ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہر پانچ ماہ میں کورونا وائرس کے خلاف بوسٹر شاٹ لگوائیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرناک مرض سے بچاؤ کے لیے ویکسین ایک محفوظ ذریعہ ہے اور سرکاری ادارے شہریوں کی صحت کے پیشِ نظر مفت ویکسین لگا رہے ہیں۔

سندھ میں ویکسی نیشن کا آغاز

خیال رہے کہ ملک بھر کی طرح سندھ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم کا آغاز 3 فروری 2021 سے ہوا تھا، ابتدائی طور پر صوبے کے 10 اضلاع میں ویکسی نیشن پروگرام شروع کیے گئے تھے۔

صوبے پھر میں 14 ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے گئے تھے جن میں سے 9 سینٹر کراچی میں بنائے گئے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سندھ میں ہی رپورٹ ہوا تھا، اس وقت 26 فروری 2020 میں ایران سے پاکستان آنے والے 22 سالہ نوجوان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں