کراچی:
پاکستان میں بھی ہوٹلوں کا کاروبار بری طرح متاثر ہورہا ہے، شہریوں نے کورونا کے خوف کی وجہ سے آمدورفت محدود کردی ہے جس کی وجہ سے بڑے شہروں میں ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔
پاکستان ہوٹلز ایسوسی ایشن کے چیئرمین زبیر باویجہ کے مطابق پاکستان کی ہوٹل انڈسٹری پر کورونا کے اثرات فروری سے پڑنا شروع ہوئے جو مارچ کے پہلے ہفتے تک شدت اختیار کرگئے۔
زبیر باویجہ نے بتایا کہ پاکستان ہوٹل ایسوسی ایشن کے 200اراکین کے کاروبار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جنوری 2020تک ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ کی شرح 95فیصد تھی جو مارچ کے پہلے ہفتہ تک 40فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔
پاکستان ہوٹلز ایسوسی ایشن کے اراکین نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ہوٹلوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید بہتر کردیے ہیں اور ملازمین کو کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کی تربیت دی جارہی ہے۔
پاکستان میں کام کرنیو الی زیادہ تر ٹریول ایجنسیاں اس وقت سعودی عرب کی جانب سے دی جانے والی 72گھنٹے کی مہلت میں زائرین عمرہ کی واپسی اور اقامہ ہولڈز کو سعودی عرب پہنچانے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔
کراچی چیمبر آف کامرس کی ٹریول اینڈ ٹور ازم کمیٹی کے چیئرمین فیصل نعیم کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں افراتفری کی صورتحال ہے جس سے پاکستان کی ٹریول انڈسٹری بھی متاثر ہورہی ہے،پاکستان سے کاروبار یا سیاحت کے لیے بیرون ملک جانے والے مسافروں کی تعداد انتہائی محدود ہے، زیادہ تر پاکستانی جو یورپ میں لاک ڈاؤن یا امریکا کی سفری ہدایات کی وجہ سے دنیا کے مختلف ممالک سے واپس پاکستان آنا چاہ رہے ہیں۔
فیصل نعیم کے مطابق پاکستان سے عازمین حج کی درخواستوں میں نمایاں کمی کا سبب کرونا کا خوف نہیں، بلکہ موجودہ حکومت کی جانب سے حج اخراجات میں اضافہ کے سبب عام طبقہ کی عمر بھر کی جمع پونجی بھی ناکافی ہوگئی ہے جس کی وجہ سے حج درخواستوں میں اس سال 31فیصد تک کمی دیکھی جا رہی ہے۔