کورونا وائرس کے باعث چین سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں مزید 18 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ خطرناک وائرس دنیا کے 123 ممالک تک پھیل گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دروان سب سے زیادہ 118 کیسز جنوبی کوریا میں رپورٹ ہوئے جب کہ امریکا میں 28، چین میں 18، آسٹریلیا میں 11 اور کینیڈا میں 8 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
چین میں کورونا وائرس کے باعث 11، جنوبی کوریا میں 6 اور جاپان میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 4 ہزار 634 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 26 ہزار 369 تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر سعودی عرب نے پاکستان سمیت کئی ممالک سے فضائی سروس معطل کر دی ہے۔
اس کے علاوہ کورونا وائرس کے باعث فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں واقع ایشیائی ترقیاتی بینک کا ہیڈ آفس بھی بند کر دیا گیا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈ آفس میں کورونا پازیٹو فرد آیا تھا جس نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے سپورٹ اسٹاف سے بات چیت کی تھی۔
اےڈی بی کے تمام ملازمین کو گھروں سےکام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے دفتر کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پیش نظر 26 یورپی ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے تاہم برطانیہ اس پابندی سے مستثنیٰ رہے گا جہاں اب تک کورونا وائرس کے 460 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
واشنگٹن کے گورنر نے 250 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی لگا دی ہے جب کہ نیویارک میں سینٹ پیٹرک ڈے پریڈ ملتوی کر دی گئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا ہے جب کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا کے تمام ممالک سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
برطانیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آئی ایم ایف کو 15کروڑ پاؤنڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔
حکومت برطانیہ کا کہنا ہے کہ 15کروڑ پاؤنڈ کورونا وائرس سے متاثر ممالک کی مدد کے لیے ہیں جب کہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس اور دیگر دو فلاحی اداروں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔