کورونا وائرس سے متاثر بچوں میں بدہضمی کووڈ 19 کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔
یہ بات آئرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی جس کے مطابق ہیضہ اور الٹیوں کی شکایت بچوں میں وائرس کی اولین علامت ہوسکتی ہے۔
اس وقت برطانیہ میں بچوں میں کورونا وائرس کی علامات میں تیز بخار، مسلسل کھانسی اور سونگھنے یا چکھنے کی حس سے محرومی دی گئی ہیں۔
مگر کوئنز یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ نظام ہاضمہ کے مسائل ممکنہ طور پر بوں میں کووڈ 19 کی اہم ترین علامت ہوتی ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ کھانسی یا سونگھنے یا چکھنے کی حس میں تبدیلیوں سے زیادہ ہیضہ اور الٹیاں کووڈ 19 کی پیشگوئی میں زیادہ اہمیت رکھنے والی علامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ واقعی بچوں میں کووڈ 19 کی تشخیص چاہتے ہیں تو آپ کو ہیضے اور الٹیوں کو دیکھنا چاہیے، صرف نظام تنفس کی علامات تک محدود رہنا ٹھیک نہیں۔
محققین کے مطابق اس وقت علامات کی آفیشل فہرست سے صرف 76 فیصد کیسز کی شناخت ہوپاتی ہے، مگر معدے کے مسائل کو فہرست کا حصہ بنانے سے یہ شرح 97 فیصد تک بڑھائی جاسکتی ہے۔
اس تحقیق کے دوران برطانیہ بھر میں طبی عملے کے 990 سے زائد بچوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن کی عمریں 2 سے 15 سال کے درمیان تھی۔
نتائج میں 68 بچوں میں اینٹی باڈیز کو دریافت کیا گیا اور ممکنہ طور پر وہ پہلے ہی کووڈ 19 سے متاثر ہوچکے تھے۔
50 فیصد بچوں نے علامات کو رپورٹ کیا تھا جن میں سے 19 فیصد ہیضے، الٹیوں اور پیٹ درد سے متاثر ہوئے تھے۔
محققین کا کہنا تھا کہ متعدد بچوں اس موسم سرما میں بہتی ناک اور چھینکوں کے شکار ہوں گے مگر یہ کوئی علامت نہیں۔
اس سے قبل ڈھائی لاکھ کے قریب بچوں پر کنگز کالج لندن کی ایک تحقیق میں بھی دریافت کیا گیا تھا کہ بالغ افراد کے برعکس بچوں میں کھانسی کووڈ 19 کی عام علامت نہیں بلکہ نظام ہاضمہ کے مسائل زیادہ عام ہوتے ہیں۔
اس نئی تحقیق کے نتائج کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ آن لائن سائٹ medrxiv میں انہیں شائع کیا گیا۔
رواں ہفتے جنوبی کوریا میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثر بچوں میں اس کی تشخیص بہت مشکل ہوتی ہے اور اکثر اس کا علم ہی نہیں ہوتا۔
جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے 91 بچوں پر ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ان میں سے 20 میں بالکل بھی علامات سامنے نہیں آئیں، 18 بچوں میں علامات شروع میں نہیں تھیں مگر بعد میں نمودار ہوگئیں جبکہ 53 میں بیماری کا آغاز علامات سے ہی ہوا۔
مگر ان میں سے بھی بیشتر میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی شدت معمولی یا معتدل تھی۔
جریدے جاما پیڈیاٹرکس میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ صرف ان بچوں کے کورونا ٹیسٹ ہوئے، جن میں علامات نظر آئیں تھیں جبکہ متعدد متاثرہ بچے اس عمل سے گزر نہیں سکے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ بغیر علامات یا علامات والے متاثرہ بچے اوسطاً 17 دن تک وائرس کو جسم سے خارج کرتے ہیں اور اس دوران دیگر تک پہنچا سکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق بغیر علامات والے اوسطاً 14 دن تک وائرس کو آگے پھیلا سکتے ہیں جبکہ یہ بھی دریافت کیا گیا کہ 50 فیصد سے زیادہ بچے 21 دن بعد بھی وائرس کو پھیلا رہے تھے۔