واشنگٹن: دنیا بھر میں سب سے تیزی سے کورونا وائرس امریکا میں پھیل رہا ہے جہاں متاثرین کی تعداد 85 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جو کہ چین اور اٹلی سے بھی زیادہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 85 ہزار 500 سے زائد ہوگئی ہے یعنی اب تک کورونا وائرس نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ امریکا میں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس کے متاثرین سب سے زیادہ ہونے کے باوجود بہترین طبی نظام اور سہولیات ہونے کے باعث یہاں اموات کی تعداد نہایت کم ہے۔ تاحال امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1300 ہے۔
اس سے قبل کورونا وائرس کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد چین میں 81 ہزار 215 تھی جب کہ اٹلی میں اس مہلک وائرس نے 80 ہزار 589 افراد کو متاثر کیا تھا جہاں بالترتیب 3 ہزار 291 اور 8 ہزار 215 اموات ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) کے اوعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا کے 200 ممالک متاثر ہوئے ہیں جہاں اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 65 ہزار اور 915 ہوگئی ہے جب کہ 21 ہزار 31 اموات ہوئی ہیں۔