دبئی ائیرپورٹ حکام نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث کئی ممالک کی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے جب کہ پاکستان سے آنے والے مسافروں کی ابھی اسکریننگ نہیں کی جا رہی۔
چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس اب تک دنیا کے 108 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اس سے 3882 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وباء کی صورت اختیار کرنے والے اِس وائرس سے چین کے بعد ایران اور اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جب کہ دنیا بھر میں تجارت اور سیاحت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
اس صورتحال میں کئی ممالک نے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک پر سفری پابندی عائد کر دی ہیں جب کہ متعدد ائیرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ بھی کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے دنیا کے مصروف ترین ائیرپورٹس میں سے ایک دبئی ائیرپورٹ نے مسافروں کے لیے نئی ہدایات جاری کیں ہیں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ائیرپورٹ آنے سے قبل ویب سائٹ سے معلومات حاصل کریں۔
حکام کے مطابق ائیرپورٹ پر کئی ممالک کی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے اور سعودی عرب، ایران اور بحرین کی پروازیں عارضی طور پر معطل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ چین کے دارالحکومت بیجنگ کی پروازیں معمول کے مطابق ہیں تاہم دیگر شہروں کے لیے تمام پروازیں ابھی معطل ہیں۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق پاکستان سے آنے والے مسافروں کی ابھی اسکریننگ نہیں کی جا رہی۔
عرب امارات میں کوورونا وائرس کے مزید 14 نئے کیسز کی تصدیق
دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور مزید نئے 14 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس کا شکار افراد کی تعداد 59 ہوگئی۔
وزرات صحت کے مطابق نئے مریضوں میں 4 مقامی اور 3 اطالوی شہری ہے جنہیں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر خلیجی ملک قطر نے پاکستان سمیت 14 ممالک سے آنے والے مسافروں کے اپنے ملک میں داخلے پر عارضی پابندی لگادی ہے۔