عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے کورونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دینے کے بعد ماہرینِ صحت نے لوگوں کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ ایک دوسرے سے ملتے وقت مصافحہ اور گلے ملنے سے گریز کریں۔
ماہرینِ طب کی جانب سے جاری کی جانے والی اس ہدایت کے بعد سوشل میڈیا پر ہاتھ ملانے کے متبادل طریقے بھی وائرل ہو رہے تھے جس میں لوگ ہاتھ کی جگہ پاؤں بھی ملا رہے تھے۔
اسی ضمن میں شہزادہ چارلس لندن پیلاڈیم میں منعقدہ پرنس ٹرسٹ ایوارڈز کی تقریب میں پہنچے جہاں انہوں نے گریٹر لندن کے لارڈ لیفٹیننٹ سر کینیتھ اولیسا سے مصافحہ کرنے کی جگہ ایک دوسرے کو ہاتھ جوڑ کر خوش آمدید کہا۔
دوسری جانب امریکی ریاست واشنگٹن ڈی سی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹیلینا جورجیوا نے ورلڈ بینک گروپ کے سربراہ ڈیوڈ میلپاس سے ملاقات کے وقت کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے مصافحہ کرنے کی جگہ کہنیاں ملائیں۔
امریکا کے نائب صدر اور کورونا وائرس افرادی قوت کے سربراہ مائیک پینس نے واشنگٹن میں کیمپ مُرے کے دورے کے دوران واشنگٹن اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں ایک خاتون سے ملتے وقت کہنیاں ملائیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ساڑھے 5 ہزار کے قریب افراد ہلاک اور ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں تاہم چین میں چین میں 64 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہونے کے بعد گھروں کو بھی جا چکے ہیں۔