یورپین سینٹرل بینک (ای سی بی) کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ نے خواتین رہنماؤں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کورونا وائرس کے بحران میں اپنے کام کو بہتر انداز میں انجام دے رہی ہیں۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کرسٹین لیگارڈ کا کہنا تھا کہ جن ممالک میں خواتین سربراہ ہیں وہاں پالیسیاں اور رابطہ کاری شان دار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اس معاملے پر مکمل طور پر جانب دار ہوں، اس بہت اہم موقعے پر میں ایک بینکر کی حیثیت سے نہیں سوچ رہی ہوں لیکن میں اپنے آپ کو کہوں گی کہ میں یہ سیکھ چکی ہوں کہ خواتین بہتر طریقے سے کام نبھا رہی ہیں’۔
ای سی بی کی پہلی خاتون سربراہ نے خواتین رہنماؤں کی تعریف کرتے ہوئے جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل کا خاص طور پر نام لیا۔
انہوں نے کہا کہ انجیلا مرکل کا سائنسی بنیاد پر مبنی رجحان کورونا وائرس کے معاملے پر دیانت دارانہ اور شفاف معلومات کے حوالے سے ایک مثال ہے۔
انجیلا مرکل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیسز کی شرح نے شہریوں کو ماسک پہننے، سماجی فاصلہ اور حفاظتی تدابیر کی اہمیت کو ماننے کے لیے تیار کیا۔
کرسٹین لیگارڈ کا کہنا تھا کہ تائیوان، بیلجیم اور نیوزی لینڈ کی خواتین حکمرانوں نے بھی برے حالات کے بہاؤ کو واضح اور مضبوط تجاویز سے بدل دیا۔
خیال رہے کہ جرمنی نے دیگر یورپی ممالک کے مقابلے میں کورونا وائرس کے خلاف مؤثر اقدامات کیے تھے جبکہ تائیوان اور نیوزی لینڈ بھی کورونا کی وبا کے خلاف کامیاب حکمت عملی اپنانے والے ممالک میں شمار ہوتے ہیں۔
دوسری جانب مبصرین کا کہنا ہے کہ جن ممالک کے سربراہان مرد ہیں، جیسے امریکا کے ڈونلڈ ٹرمپ، برازیل کے صدرد جیئر بولسونارو اور برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کو اپنے ملکوں میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
فرانس کی سابق وزیرخزانہ 64 سالہ لیگارڈ کا کہنا تھا کہ قیادت ذمہ دار اور قابل احتساب ہوتی ہے۔
اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ‘یہ ذمہ داری کے احساس پر بھی منحصر ہے، میرے خیال رہے میں اس پہلو کو خواتین قیادت بہترین انداز میں پورا کررہی ہیں اور اس کو دیکھنے والے اور ووٹرز خود بخود قابل تعریف تصور کرتے ہیں’۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کے ایک کروڑ 52 لاکھ 46 ہزار 325 کیسز جبکہ 6 لاکھ 22 ہزار 914 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 92 لاکھ 18 ہزار 693 متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں۔
امریکا دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونا والا ملک ہے جہاں اب تک 40 لاکھ 72 ہزار 825 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک لاکھ 45 ہزار 705 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
دوسرے نمبر پر برازیل ہے جہاں کیسز کی تعداد 21 لاکھ 78 ہزار 159 ہے اور اموات کی تعداد 81 ہزار 828 ہے۔
بھارت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا تیسرا ملک ہے، بھارت میں اس وقت کووڈ-19 کیسز کی تعداد 12 لاکھ 39 ہزار 684 ہے اور اموات کی تعداد 29 ہزار 890 تک پہنچ گئی ہے۔