اگرچہ اس وقت عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور تمام ممالک کی حکومتیں اور اہم شخصیات لوگوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے آگاہی فراہم کر رہی ہیں اور اب تک تقریباً دنیا کے نصف سے زیادہ لوگ یہ جان چکے ہیں کہ مذکورہ وائرس کیا ہے۔
تاہم اب بھی کافی سارے لوگ ایسے ہیں جنہیں کورونا وائرس کے حوالے سے ماہرین صحت کی باتوں پر یقین نہیں اور وہ اب تک اس وبا کو ایک سائنس فکشن چیز ہی سمجھ رہےہیں۔
ایسے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے لولی وڈ کی معروف اداکارہ میرا نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں وہ عوام کو بتاتی نظر آئیں کہ دراصل کورونا وائرس کیا ہے اور یہ کہاں سے شروع ہوا اور اس وبا سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟
اداکارہ میرا کی مذکورہ ویڈیو کی خاص بات یہ ہے کہ اداکارہ نے لوگوں کو کورونا وائرس سے متعلق قومی زبان اردو میں نہیں بلکہ انگریزی میں سمجھایا اور ایسا سمجھایا کہ لوگ جان گئے کہ کورونا وائرس واقعی ایک وائرس ہے۔
مختصر ویڈیو میں اداکارہ نے انگریزی میں لوگوں کو انتہائی سنجیدہ لہجے میں بتایا کہ دراصل کورونا وائرس ایک وائرس ہے۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ پھر مذکورہ وائرس آگے چل کر ایک وبا بنا اور ساتھ ہی انہوں نے یہ انکشاف بھی کردیا کہ کورونا وائرس دراصل چین کے بازاز سے ناقص خوراک سے شروع ہوا ۔
مزید پڑھیں: ’گیم آف تھرونز‘ کی اداکارہ اندرا ورما میں کورونا کی تشخیص
اور ساتھ ہی اداکارہ نے کورونا سے بچنے کا سب سے آسان اور بہترین طریقہ بھی بتایا کہ اس وائرس سے بچنے کا طریقہ حلال کھانے کھانا اور اپنی صفائی رکھنا ہے۔
اداکارہ میرا کی مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اس بار لوگوں نے ان کے انگریزی الفاظ کے بجائے ان کے انداز پر تبصرے کیے اور کہا کہ اداکارہ کی انگریزی سے ضرور کورونا کو وائرس لگ گیا ہوگا اور ان کے جیسی انگریزی تو چوتھے کلاس میں پڑھائی جاتی ہے۔
دوسری جانب انسٹاگرام پر امریکا روانگی کی اپنی تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ انہیں مجبوری کی حالت میں صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے والے پروگرام مٰں شرکت کے لیے امریکا جانا پڑ رہا ہے اور وہ اس کام کرنے کے لیے مجبور ہیں۔
اہم ساتھ ہی انہوں نے لوگوں کو اپیل کی کہ وہ گھروں تک محدود رہیں اور اپنی صحت و صفائی کا خیال رکھیں۔
علاوہ ازیں اداکارہ میرا پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق آگاہی مہم کے ایک اشتہار میں بھی دکھائی دیں اور وہ پی ٹی وی کے اشتہار میں لوگوں کو قومی زبان اردو میں کورونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کرنے سمیت اس سے تحفظ کے حوالے سے ہدایات کرتی دکھائی دیں۔