میڈرڈ: کورونا وائرس کی ابتدا چین سے ہوئی تاہم اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد اب اٹلی اور اسپین میں ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی کے بعد اب اسپین میں بھی چین سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ چین میں دسمبر 2019 سے 25 مارچ تک اس مہلک وائرس سے 3 ہزار 163 مریض ہلاک ہوئے جب کہ متاثرین کی تعداد 81 ہزار 661 ہے اور 98 فیصد لوگ صحت یاب ہوئے تھے۔
اٹلی میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں چین کے مقابلے میں دگنی ہوگئی ہیں۔ 25 مارچ تک اٹلی میں اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں تعداد 6 ہزار 820 تک جا پہنچی ہے جب کہ وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 69 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور حالات قابو سے باہر ہیں۔
اٹلی کے بعد یورپ کے ایک اور ملک اسپین میں بھی کورونا وائرس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور تاحال اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار 434 ہوگئی ہے جو کہ کورونا وائرس کے مرکز چین سے بھی زیادہ ہے۔ اسپیں میں گذشتہ 24 گھنٹے میں 738 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
چین، اٹلی اور اسپین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ایران ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 77 ہوگئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں اراکین پارلیمنٹ، مذہبی رہنما اور اعلٰی حکومتی حکام بھی شامل ہیں جب کہ 27 ہزار سے زائد افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریباً 19 ہزار ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 23 ہزار 368 ہے۔