کراچی:
پاکستان سپر لیگ میچز کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سینیٹائزر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع سندھ حکومت کے مطابق صابن بنانے والی کمپنی اسٹیڈیم میں مفت سینیٹائزر نصب کرے گی جب کہ پارکنگ کے مقامات پر بھی سینیٹائزر لگائے جائیں گے۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا کوئی خوف نہیں، اس حوالے سے طبی ماہرین نے بھی کلیئرنس دیدی ہے تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیےآنے والے شائقین کی اسکریننگ کی جائے گی، اسٹیڈیم کے تمام داخلی راستوں پر اسکریننگ کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے جب کہ دروازوں پر پولیس کے ہمراہ طبی عملہ بھی تعینات ہوگا۔