کورونا نے امریکا میں قیامت ڈھا دی، ایک ہی روز میں 1480 افراد ہلاک


امریکا میں کورونا وائرس کے باعث ایک ہی روز میں 1480 افراد ہلاک ہو گئے جو اب امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صرف ریاست نیویارک میں 700 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جہاں اموات کی تعداد ساڑھے 3 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

عوام کو ماسک پہن کر باہر نکلنے کی ہدایت

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں مسلسل تیسرے روز ایک ہزار سے زائدا موات کےبعد ٹرمپ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گھر سے نکلنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔

امریکی انتظامیہ کی جانب سے منہ کو ڈھاپنے کے لیے لوگوں کو کپڑے کا ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے زور دیا تھا کہ تمام لوگ اپنے منہ کو ڈھانپیں، ماسک پہننا لازم نہیں لیکن جو لوگ پہننا چاہیں انہیں اجازت ہو گی، میں بھی ماسک نہیں پہن رہا۔

سفری پابندیوں سے قبل 34 لاکھ افراد امریکا آئے

امریکی میڈیا نے کورونا وائرس کے خاموشی سے پھیلاؤ سے متعلق جاری رپورٹ میں بتایا ہے کہ کورونا کے عالمی وبا کی شکل اختیار کرنے سے پہلے 34 لاکھ افراد امریکا آئے۔

رپورٹ کے مطابق یہ افراد دسمبر، جنوری اور فروری میں امریکا  آئے، سفری پابندی سے قبل صرف چین سے ہی 7 لاکھ 50 ہزار افراد امریکا آئے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث امریکا میں اب تک 2 لاکھ 77 ہزار 400 سے زائد افراد متاثر جب کہ ساڑھے 7 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں