کورونا لاک ڈاؤن: ریسٹورنٹ جیسے بہاری کباب گھر میں تیار کریں


بہاری کباب ایک ایسی ڈش ہے جو زیادہ تر لوگ سمجھتے ہیں کہ دیسی ریسٹورنٹس میں ہی زیادہ اچھی بنائی جاتی ہے۔

تاہم لاک ڈاؤن کے دوران تمام ریسٹورنٹ بند ہیں اور صرف ڈیلیوری سروس جاری ہے، اس کے باوجود لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے باہر سے کھانا منگوانے سے گریز کررہے ہیں۔

اس دوران لوگ گھروں میں ہی کھانا بنارہے اور کھا رہے ہیں، تاہم رمضان کے دوران افطاری میں ہر کوئی روزانہ ایک جیسا کھانا کھانا نہیں چاہتا اور کبھی کبھار دل چاہتا ہے کہ پکوڑوں اور سموسوں سے ہٹ کر بھی افطاری میں کچھ پیش کیا جائے۔

اور ایسے میں یہاں مزیدار بہاری کباب بنانے کی نہایت آسان ترکیب بیان کی جارہی ہے، لاک ڈاؤن کے دوران اس ترکیب کو اپنے باورچی خانے میں آزمائیں اور گھر والوں کے سامنے بالکل دیسی ریسٹورنٹس جیسی ڈش پیش کریں۔

بہاری کباب کی ترکیب:

اجزاء

ڈیڑھ کلو بیف، باریک کٹا ہوا

چوتھائی کپ دہی

6 چمچ باریک کٹا ہوا پپیتا (چھلکے کے ساتھ)

چوتھائی کپ تلی ہوئی پیاز

4 چمچ تازہ کٹی ہوئی ادرک

4 چمچ کٹا ہوا لہسن

1 چمچ جائفل پاؤڈر

1 چمچ دار چینی

ڈیڑھ چمچ تلا ہوا زیرہ پاؤڈر

2 چمچ کالی مرچ کا پاؤڈر

3 چمچ سرخ مرچ پاؤڈر، یا حسبِ ذائقہ

2 چمچ خشخاش

4 چمچ بہاری کباب گرم مصالحہ

چوتھائی کپ سرسوں کا تیل (ضروری نہیں)

نمک حسبِ ذائقہ

(مکسر میں چلا کر مکس کرلیں، اور گوشت کو میرینیڈ کرلیں)

بہاری کباب گرم مصالحہ

(پاؤڈر بنانے کے لیے کافی گرائنڈر کا استعمال کریں اور بچ جانے والا پاؤڈر مضبوطی سے بند شیشی میں بعد کے لیے رکھ دیں)

2 چمچ کباب چینی

2 چمچ سونف

2 اسٹار انیس

4 چمچ ثابت کالی مرچ

2 لونگ

آدھا چمچ جائفل

ایک چمچ جاوتری

10 سبز الائچی

6 سیاہ الائچی

2 چمچ ثابت دھنیا

2 چمچ زیرہ

12 ثابت لال مرچ

پہلا طریقہ

گوشت کو کم از کم 24 گھنٹے کے لیے میرینیڈ کریں، گرل گرم کرنے کے لیے کوئلہ استعمال کریں۔ اور گوشت کو سیخوں پر لگائیں۔

کوئلے پر تیل گرائیں اور اگر لوہے کا ڈھکن ہو تو اس سے بند کردیں تاکہ گوشت میں کوئلے کا دھواں بھر جائے۔ ایک بار گوشت نرم ہوجائے تو اسے اتار لیں۔

اس ڈش کو تیار کرنے کا ایک اور طریقہ بھی ہے، اگر پہلا طریقہ استعمال کرنے میں مشکل پیش آئے تو دوسرے پر غور کرلیں۔

دوسرا طریقہ

ایک بڑی اور گہری کڑاہی لیں، اس میں تھوڑا سا تیل ڈالیں اور گرم کریں۔ اس کے بعد گوشت کو کڑاہی میں رکھیں اور 10 سے 20 منٹ تک پکائیں۔ اس کے بعد انہیں پلٹیں اور پھر 10 سے 20 منٹ تک پکائیں۔

اس کے بعد انہیں اوون میں رکھیں اور 15 منٹ تک چلائیں تاکہ ان کی نمی دور ہوجائے۔

کوئلہ گرم کریں، تیل چھڑکیں، اور کچھ دیر کے لیے اوون میں رکھ دیں تاکہ کباب کوئلے کے دھوئیں سے مزید ذائقہ دار ہو سکیں۔

املی کی چٹنی، پیاز، اور پراٹھے یا نان کے ساتھ پیش کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں