بھارتی اداکار رانا دگوبتی نے کورونا وائرس کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن میں اپنی دوست مہیکا بجاج کے ساتھ منگنی کرلی۔
35 سالہ اداکار نے سوشل میڈیا پر خود منگنی کی ایک تصویر شیئر کرکے یہ خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ رانا دگوبتی نے سوشل میڈیا پر ہی مداحوں اور ساتھیوں سے مہیکا بجاج کو متعارف کروایا تھا۔
جبکہ اس سے قبل وہ اپنے تعلق کے حوالے سے ہمیشہ خاموش ہی رہے۔
رپورٹس کے مطابق لاک ڈاؤن کے باعث ان کی منگنی کی تقریب میں بہت کم لوگ شامل ہوئے جس میں صرف گھر کے افراد اور کچھ دوست تھے۔
مہیکا بجاج کا تعلق کاروباری گھرانے سے ہے، وہ ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کی مالک بھی ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا دگوبتی کے والد نامور پروڈیوسر سریش بابو کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان نے حال ہی میں مہیکا کے خاندان سے ملاقات کی تھی اور منگنی کے بعد اب ان کا جلد شادی کرنے کا بھی ارادہ ہے۔
یاد رہے کہ اداکار رانا دگوبتی نے ہندی سینما کی کامیاب فلم ’بہوبلی‘ میں ولن کا کردار نبھایا تھا۔
اس فلم میں رانا دگوبتی راجا بھلالویو کے روپ میں نظر آئے، رانا دگوبتی کو ان کی اداکاری کے لیے بہت سراہا گیا تھا۔
اس کے علاوہ وہ یہ جوانی ہے دیوانی، ہاؤس فل 4، بے بی جیسی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔