کورونا سے بچنے کے لیے جنگل میں پڑاؤ


کوالالمپور: ملائیشیا میں لوگوں نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے جنگل کا رخ کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن اور رکاوٹوں کی وجہ سے دیہی علاقوں کے لوگوں نے وائرس سے بچنے کے لیے جنگل کا رخ کرلیا ہے۔

ملائیشیا کے ایک گاؤں جیمری میں ایک شخص کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد پوری آبادی میں خوف پھیل گیا جس کے بعد لوگوں نے گاؤں چھوڑنے کی کوشش کی تو رکاوٹوں کے باعث گاؤں سے باہر نہ نکل سکے اور پھر انہوں نے قریب ہی واقع جنگلوں کی طرف رخ کرلیا۔

مقامی افراد کا کہنا ہےکہ ہم خود کو آئسولیٹ کرنے واپس جنگل میں جارہے ہیں جہاں ہم اپنے لیے غذا بھی تلاش کریں گے، ہمیں پتا ہے کہ جنگل سے کس طرح غذا حاصل کی جاسکتی ہے، ہم وہاں پر کئی چیزیں اُگا بھی سکتے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق گاؤں میں کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آنے کے بعد اسے لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جب کہ گاؤں میں کورونا کے مریض مشتبہ کیسز ہیں۔

ملائیشیا میں اب تک کورونا وائرس کے 3 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جب کہ 50 افراد وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں وائرس کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملک میں لاک ڈاؤن کے باعث کم آمدن اور روزانہ کی کمائی والا طبقہ غذائی قلت کا شکار ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں