معروف بالی وڈ اسٹار رشی کپور نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر پاکستانی شہریوں کی حفاظت سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔
رشی کپور نے ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے نام ایک پیغام جاری کیا۔
بھارتی اداکار نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘نہایت ہی ادب کے ساتھ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتا ہوں کہ اپنی عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیں، پاکستانی عوام ہمارے لیے قابل احترام ہیں کیونکہ ماضی میں ہم ایک تھے’۔
رشی کپور نے مزید کہا کہ ‘کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے ، اس معاملے میں کوئی انا نہیں، ہم آپ سے پیار کرتے ہیں‘۔
اپنے پیغام کے آخر میں رشی کپور نے انسانیت زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔
رشی کپور کے ٹوئٹ کے جواب میں پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے بھی ان کے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار 113 ہوگئی ہے۔