کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کی تمام تر سرگرمیوں کو ٹھپ کردیا ہے تو وہیں وائرس کی وجہ سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بھی شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لاک ڈاؤن کی وجہ سے متعدد فلموں کی عکس بندی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ فلم کی ریلیز کو بھی تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تھیٹر اور سنیما گھر بند ہونے کی وجہ سے صارفین کی جانب سے آن لائن اسٹریمنگ سائٹ کے استعمال کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آن لائن اسٹریمنگ سروس ایمازون پرائم پر اب وہ بھارتی فلمیں ریلیز کی جائیں گی جنہیں اس ماہ کے آغاز میں سنیما گھروں میں ریلیز کیا جانا تھا۔
ایمازون پرائم پر 7 نئی بالی وڈ فلمیں ریلیز کی جائیں گی جس میں اداکار امیتابھ بچن اور ودیا بالن کی فلم بھی شامل ہے۔
اس ضمن میں بھارتی ریاست تامل ناڈو میں تھیٹر مالکان نے دھمکی دی تھی کہ وہ معروف اداکار سوریہ کا بائیکاٹ کریں گے کیونکہ انہوں نے اپنی فلم کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اسٹریم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بھارت میں دنیا کے طویل ترین لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام تعلیمی ادارے، دفاتر سمیت ساڑھے 9 ہزار کے قریب تھیٹرز بند ہیں۔