امریکا میں کورونا وائرس نے ایک دن میں مزید 2750 زندگیاں نگل لیں جب کہ دنیا بھر میں اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران امریکا میں کورونا کے 40ہزار نئے مریض سامنے آئے ہیں جب کہ 2700 مزید ہلاکتوں کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 45 ہزار اور متاثرین کی تعداد 8 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔
امریکا میں اموات کی مجموعی تعداد 45 ہزار 3463 جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 19 ہزار 175 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب امریکی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہوگی۔
اٹلی میں اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور یورپی ملک میں اب تک 24 ہزار 648 اموات جب کہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار 957 ہو گئی ہے۔
اسپین میں 21 ہزار 282، فرانس میں 20 ہزار 796 اور برطانیہ میں 17 ہزار 337 اموات ریکارڈ ہو چکی ہیں۔
اس کے علاوہ ایران میں 5 ہزار 297، چین میں 4 ہزار 632، بیلجیم میں 6 ہزار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ برازیل میں بھی 2 ہزار 761 اور ترکی میں 2 ہزار 259 افراد انتقال کر چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 25 لاکھ 66 ہزار 920 تک پہنچ گئی ہے جس میں سے ایک لاکھ 77 ہزار 822 افراد ہلاک جب کہ 6 لاکھ 97 ہزار 479 صحت یاب ہو چکے ہیں۔