کوالالمپور میں پی آئی اے کا طیارہ: ‘ملائیشین عدالت کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، غلام سرور


وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے ملائیشیا میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا طیارہ روکے جانے سے متعلق کہا ہے کہ ویت نام سے لیز پر حاصل کیے گئے مسافر طیاروں کے واجبات کا معاملہ برطانوی عدالت میں زیر سماعت ہے جبکہ ملائیشیا کی عدالت کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔

راولپنڈی میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم نے انتہائی مہنگے معاہدے پر ویت نام سے 2 طیارے حاصل کیے تاہم کووڈ 19 کی وجہ سے ان کے واجبات کی ادائیگی ممکن نہیں ہوسکی۔

غلام سرور نے بتایا کہ لیز جولائی میں ختم ہورہی ہے لیکن ہم نے لندن کورٹ آف آربیٹریشن میں کیس دائر کیا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے بقایاجات ادا نہیں کرسکے اور جیسے ہی کورونا کے بعد صنعت بحال ہوگی تمام بقایا جات ادا کردیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے کمپنی کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے مہنگے ترین معاہدے کیے۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ویت نام کی جانب سے ملائیشیا کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا جبکہ عدالت کی جانب سے بہرحال کوئی نوٹس موصول نہیں اور بغیر اطلاع دیے جہاز کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ یہ خبر سامنے آئی کہ ملائیشیا کی ایک مقامی عدالت کے حکم پر کوالالمپور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا مسافر طیارہ بوئنگ 777 روک لیا گیا۔

اس ضمن میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے واضح کیا کہ اٹارنی جنرل سے ہدایات لے لی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 22 تاریخ کو برطانوی اور 24 تاریخ کو ملائیشیا کی عدالت میں پیش ہو کر اپنا مؤقف دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اصل فیصلہ برطانوی عدالت سے آئے گا اور ہمیں منظور ہوگا۔

مذکورہ معاملے پر ترجمان پی آئی اے نے کہا تھا کہ پی آئی اے اور ایک دوسرے فریق کے مابین برطانیہ کی عدالت میں قانونی تنازع زیر التوا ہے جس کے تناظر میں ملائیشیا کی مقامی عدالت کے دیے گئے یک طرفہ حکم پر طیارے کو روکا گیا۔

مذکورہ طیارے کی قابل ادا رقم کی مالیت مبینہ طور پر 14 ملین ڈالرز ہے اور اس ضمن میں لندن کی عدالت میں معاملہ ثالثی کے مراحل میں ہے۔

ثالثی کے باوجود لیز کمپنی نے ملائیشیا کی مقامی عدالت سے طیارہ روکے جانے کا حکم نامہ جاری کرایا اور عدالتی حکم پر طیارے کو ٹیک آف سے قبل روک دیا گیا۔

پھنسے ہوئے 118 مسافر آج جبکہ 54 کل اسلام آباد پہنچیں گے، ترجمان پی آئی اے

ترجمان پی آئی اے نے ملائیشیا میں پی آئی اے کے طیارے کے مسافروں کے حوالے سے بتایا کہ 118 مسافر براستہ دبئی متبادل ذریعے سے آج 11 بجے اسلام آباد پہنچیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 54مسافر براستہ دوحہ پرواز نمبر کیو آر 632 سے کل صبح 1 بج کر 40 منٹ پر اسلام اباد پہنچیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کو ضروری سہولیات فراہم کی جاری ہیں۔

‘پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی’

ایک سوال کے جواب میں غلام سرور نے کہا کہ ہم عوام کی پیداوار ہیں، جی ایچ کیو قومی ادارہ ہے ہمیں اس پر ناز ہے۔

انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ‘ہم نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم استعفیٰ نہیں دے گی اور انہوں نے نہیں دیا جبکہ انہیں ضمنی اور سینیٹ انتخاب میں حصہ لینا چاہیے، اگر صوبے اور وفاق میں عدم اعتماد کی تحریک لانا چاہتے ہیں تو یہ بھی ان کا حق ہے، اس معاملے کا مقابلہ کریں گے اور انہیں مزید منہ کی کھانا پڑے گی۔

مزیدپڑھیں: اگر پی ڈی ایم جماعتیں مل کر سینیٹ انتخابات لڑیں تو اچھا مقابلہ کرسکتی ہیں، بلاول

علاوہ ازیں انہوں نے پنڈی اور اسلام آباد میں پینے کے پانی کی کمی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ڈیمز میں چند پر کام جاری ہے جبکہ کچھ پر کام شروع ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چار مرتبہ وزیر پیٹرولیم رکھنے کے باوجود وہ اپنے حلقے میں گیس کا پراجیکٹ نہیں دے سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ تھانہ روات یونین کونسل کے ساتھ دیہادتوں کو گیس دینے کے پراجیکٹ پر آغاز کرنے جارہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں