کوالالمپور سمٹ میں عدم شرکت، کارکے ڈیل متاثر نہ ہونے کا امکان


اسلام آباد: 

حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے ایکسپریس ٹریبون سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے کوالالمپور اجلاس میں عدم شرکت کے باوجود کارکے ڈیل متاثر نہیں ہوگی۔

انٹرنیشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹس کے پاکستان پر1.2ارب ڈالرجرمانے کی سزا پر ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے ترک کمپنی اور پاکستان کی حکومت کے درمیان معاہدہ طے کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان پر1.2ارب ڈالرجرمانے کے معاملے کے حل کوتحریک انصاف کی حکومت نے اپنی بڑی کامیابی قراردیا تھا۔ اس حوالے سے گذشتہ ماہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس کا اعلان کیا گیا تھاکہ معاملہ حل کرلیا گیا ہے اور پاکستان کے 1.2ارب ڈالر بچالئے گئے ہیں۔

نیویارک میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ترک صدر رجب طیب اردگان نے عدالت سے باہرمعاملہ نمٹانے کے لئے خود کردار ادا کرنے کی پیش کش کی تھی۔ تاہم کوالالمپورسمٹ میں پاکستان کی عدم شرکت کے بعد وفاقی دارالحکومت میں افواہیں زیرگردش ہیں کہ کارکے ڈیل متاثر ہو سکتی ہے۔

تاہم وزارت قانون میں ایک سینئر اہلکار نے سختی سے ان افواہوں کو مسترد کر دیاہے۔انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیل پر ایک ماہ پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں اور وزیراعظم عمران خان یا ترک صدر اردگان کی جانب سے اس کا جلد اعلان کیا جائیگا۔امکان ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اگلے ماہ ترکی کا دورہ کرینگے یا ترک صدر اگلے سال پاکستان آئیں گے۔ گذشتہ ہفتے اٹارنی جنرل انور منصور کی قیادت میں پاکستانی وفد نے ترکی کا دورہ کیاتھا۔

متنازع رپورٹس ہیں کہ پاکستانی وفد نے دورہ ایسی صورتحال میں کیا جس میں ترک صدر کی جانب سے پاکستان کی ملائشیا سمٹ میں عدم شرکت کی وجہ سعودی عرب کے دباؤ کو قرار دیا گیا۔ چند رپورٹس کے مطابق کارکے ڈیل کو ابھی حتمی شکل دی جانی ہے اورپاکستانی وفد کے دورے کامقصد مجوزہ سیٹلمنٹ ڈرافٹ پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ حتیٰ کہ یہ بھی رپورٹ ہے کہ کارکے اگلے ماہ آئی سی ایس آئی ڈی سے کیس واپس لے لی گی۔ تاہم حکام جو مسئلے سے نمٹنے میں مصروف ہیں انہوں نے ایسی رپورٹس کی مکمل طور پر تردید کردی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں