وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ چین میں موجود پاکستانیوں کے حوالے سے کوئی چیمپئن نہ بنے کیونکہ پاکستانی بچوں کی سب سے زيادہ فکر حکومت کو ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ایک بھی مریض کی تصدیق نہیں ہوئی اور وزیراعظم عمران خان اس معاملے پر توجہ رکھے ہوئے ہیں۔
ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ آج شام تک کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیےکٹس مل موصول ہو جائیں گی، کٹس آنے پر پاکستان میں کورونا وائرس کی تشخیص ممکن ہو سکے گی۔
چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ بچوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 4 پاکستانی بچوں کی صحت اب بہتر ہے۔
اپوزیشن کی جانب سے پاکستانی طالبعلموں کو فوری طور پر وطن واپس لانے کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر کوئی چیمپئن نہ بنے، چین میں موجود بچوں کی سب سے زیادہ فکر حکومت کو ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ چین سے پاکستان آنے والوں کے لیے مکمل منصوبہ بندی کرلی گئی ہے، چین سے معاہدہ ہو گيا ہے کہ چین میں موجود پاکستانی اس وقت تک نہيں چھوڑے جائيں گے جب تک وہ مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو جاتے۔
خیال رہے کہ چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے پھیلنے والے پراسرار وائرس کورونا سے اب تک 259 افراد ہلاک اور 10 ہزار کے قریب متاثرہ ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس چین سے نکل کر امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا اور جاپان سمیت دیگر ممالک میں بھی پھیل چکا ہے اور مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد سامنے بھی آ چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت بھی کورونا وائرس کے پیش نظر ہنگامی صورت حال نافذ کرنے کا اعلان کر چکا ہے اور پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔