کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
گزشتہ شب سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے غوث آباد کے مدرسہ دارلعلوم الشرعیہ میں نماز مغرب کی ادائیگی کے دوران زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید اور 20 زخمی ہو گئے۔
دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے حکام کے مطابق دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او سیٹلائٹ ٹاؤن کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ادھر اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے آٹھ زخمیوں کو طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے جب کہ 12 زخمی تاحال سول اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔
غوث آباد مسجد میں بم دھماکے میں جاں بحق چار افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے جس میں لواحقین اور علاقےکے لوگوں کی بڑی تعدا
د شریک تھی۔