بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھماکے سے پولیس وین کو شدید نقصان پہنچا، نیو کچلاک پولیس تھانے کا عملہ معمول کے مطابق گشت کر رہا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے زخمی اہلکار کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی، ان کا کہنا تھا کہ شہید اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے قوم کے غیرمتزل عزم کو شکست نہیں دی جا سکتی، یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور قوم کی حمایت سے آخری دہشت گرد و سہولت کار کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کےقریب دھماکے میں 8 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر قلات بلال شبیر نے بتایا تھا کہ آئی ای ڈی دھماکے میں اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ نامعلوم افراد نےدھماکا خیز ڈیوائس سڑک کےکنارے نصب کی، سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کے گزرتے وقت دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 8 سیکورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔